لال مسجد آپریشن،لاپتہ افراد کا معمہ حل نہ ہوسکا

ہفتہ 5 جولائی 2008 14:04

لال مسجد آپریشن،لاپتہ افراد کا معمہ حل نہ ہوسکا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05جولائی2008 ) لال مسجد آپریشن میں لاپتہ افراد کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ ایک سال گزرنے کے باوجود آپریشن میں ہلاک ہونے والے افراد کی صحیح تعداد سامنے نہیں آسکی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لال مسجد آپریشن میں ایک سو تین افراد ہلاک ہوئے۔اٹھہتر افراد کی تدفین اسلام آباد کے آئی ٹین قبرستان میں کی گئی، جن میں سے 38 افراد کی شناخت ہی نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

لال مسجد انتظامیہ اور طلبہ کے لواحقین کا کہنا ہے کہ آپریشن میں دو ہزار طلبہ لاپتہ ہوئے ،جن میں سے بیشتر کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری طرف حکام اس بات کا خود اعتراف کرچکے ہیں کہ آپریشن شروع ہونے سے قبل لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں چھ ہزار کے قریب افراد موجود تھے۔جامعہ حفصہ میں اس وقت زیر تعلیم طالبات آج بھی اپنی ساتھی طالبات کی تلاش میں ہیں۔مسجد انتظامیہ نے آپریشن کے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرانے کے لئے پولیس کو درخواست دی اورعدالت سے بھی رجوع کیا مگر یہ درخواستیں بھی خارج ہوچکی ہیں۔ ایک سال گزرنے کے بعد بھی اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی اصل تعداد کے حقائق منظر عام پر نہیں آسکے۔ بیشتر لواحقین آج بھی انصاف کی تلاش میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :