ضلع ہنگو میں مقامی طالبان کے خلاف آپریشن میں تمام اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں،ترجمان پاک فوج

منگل 22 جولائی 2008 17:34

ضلع ہنگو میں مقامی طالبان کے خلاف آپریشن میں تمام اہداف حاصل کرلئے ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2008ء) فوجی حکام نے کہا ہے کہ صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ہنگو میں مقامی طالبان کے خلاف جاری آپریشن میں تقریباً تمام اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں۔ تاہم کارروائیاں بند کرنے کے بارے تاحال کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا ہے۔پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے غیر ملکی میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہنگو میں تمام اہم علاقوں کو صاف کردیا گیا ہے جبکہ قبضہ میں لیے جانے والے علاقوں کو محفوظ بنانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران 15شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ آپریشن میں 9سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں ۔دریں اثناء ہنگو میں حکام کے مطابق گزشتہ شام کی خاموشی کے بعد منگل کی صبح سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر نواحی علاقے تورہ اوڑی میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ روز حکام نے علاقے کے مشران کو طلب کرکے ان سے مطلوب افراد کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ ہنگو شہر سے تقریبا چالیس کلومیٹر دور دوابہ شہر میں گزشتہ دو ہفتوں سے کرفیو بدستور نافذ ہے جبکہ مرکزی ٹل پارہ چنار شاہراہ بھی عام ٹریفک کیلیے بند ہے۔ تاہم انتظامیہ نے کھانے پینے کی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کو اجازت دی ہے۔