معزول ججزکی بحالی میں پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی رکا وٹ نہیں۔ آئینی پیکج کے بارے میں اتحادی جماعتوں کی جانب سے جواب نہ ملنے پر تاخیر ہورہی ہے ۔وفاقی وزیر قانون فاروق نائیک کی کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 26 جولائی 2008 14:42

معزول ججزکی بحالی میں پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی رکا وٹ نہیں۔ آئینی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2008ء) وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ ججوں کی بحالی میں ہماری طرف سے کوئی رکا وٹ نہیں، آئینی پیکج میں تاخیر کا اصل سبب اتحادی جماعتوں کی جانب سے جواب کا نہ ملنا ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی پیکج کا مسودہ تمام اتحادی جماعتوں کو بھجوایا گیا تھا تاکہ اس پر اعتراضات اور ترامیم پیش کی جائیں ،تاکہ اسے حتمی شکل دی جاسکے ، لیکن اتحادی جماعتوں نے ہماری درخواست کے باوجود اب تک اسے واپس نہیں بھیجا۔

فاروق ایچ نائیک نے مزید کہا کہ حکومت بیک ڈور ڈپلومیسی پر یقین نہیں رکھتی ، حکومت کا کسی معزول جج سے رابطہ نہیں لیکن اگر کوئی جج حلف اٹھانا چاہے تو اسے خوش آمدید کہیں گے ۔وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام ججز آئینی کے شیڈول تھرڈ کے مطابق حلف اٹھا کر اپنا کام شروع کردے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ججز کی بحالی چاہتے ہیں لیکن ہر کام آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کریں گے تاکہ نیا آئینی بحران پیدا نہ ہو۔