چیمپئنزٹرافی ،شعیب اختر سمیت تمام پاکستانی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کلیئر

بدھ 30 جولائی 2008 16:28

چیمپئنزٹرافی ،شعیب اختر سمیت تمام پاکستانی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کلیئر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین30 جولائی2008 ) چیمپئنزٹرافی کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے شعیب اختر سمیت تمام کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کلیئر آگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا سے ملنے والے اطلاعات کے مطابق تمام پاکستانی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ منفی آئے ہیں ۔فاسٹ باؤلر شعیب اختر جن کا ایک بارپہلے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے اس بار وہ کلیئر ہوگئے ہیں جبکہ ان کے ساتھی باؤلر محمد آصف تاحال مشکلات کے دن کاٹ رہے ہیں۔

آئی پی ایل میں ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے وہ ان دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحکم ثانی معطلی کی سزا بھگت رہے ہیں۔پی سی بی نے چیمپئنزٹرافی کیلئے اعلان کردہ 30کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کافیصلہ کیا تھا تاہم ملک میں موجود26کھلاڑیوں نے اپنے یورین سیمپل دے دیئے تھے جبکہ یونس خان عمرے اور یاسر عرفات ،یاسر علی اور بازیدخان کاؤنٹی کرکٹ کی وجہ سے اپنے یورئن ٹیسٹ نہ دے سکے۔

(جاری ہے)

20جولائی کو لیے جانیوالے ٹیسٹ میں تمام پاکستانی کھلاڑیوں کا کلیئر ہونا خوش آئند بات ہے کیونکہ اس سے قبل 2006ء کی چیمپئنزٹرافی میں شعیب اختر اور آصف کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے سے پاکستان کرکٹ جگ ہنسائی کا سبب بن کر رہ گئی تھی۔واضح رہے کہ چیمپئنزٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ 11ستمبر سے پاکستان میں کھیلی جارہی ہے جس میں دنیا بھر کی آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ،ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائیگا ۔

چیمپئزٹرافی کیلئے ڈوپ ٹیسٹ دینے والے قومی کرکٹرز کے نام یہ ہیں۔کپتان شعیب ملک ،نائب کپتان مصباح الحق، یاسر حمید،سلمان بٹ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، ناصر جمشید، خالد لطیف، انورعلی، خرم منظور، احمد شہزاد، فواد عالم، محمد حفیظ، محمد عامر، منصوراحمد، عمرگل، محمد علی، سرفراز احمد، راؤافتخار، سہیل خان،عبدالرؤف، عبدالرحمان، وہاب ریاض، کامران اکمل اور سعید اجمل شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :