افغانستان ، پاکستانی قونصل خانے کے باہر بم دھماکہ ،ایک خاتون سمیت 3افراد زخمی ،عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بم سائیکل پر نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ ڈپٹی پولیس چیف ہرات غلام سرور حیدری ۔ پاکستان کی شدید مذمت ،افغان سفیر کو دفترخارجہ طلب کرلیا گیا۔(تفصیلی خبر )

جمعرات 31 جولائی 2008 18:50

افغانستان ، پاکستانی قونصل خانے کے باہر بم دھماکہ ،ایک خاتون سمیت 3افراد ..
کابل+اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جولائی2008 ) افغانستان کے شہر ہرات میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر بم دھماکہ ،ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ،عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے،پاکستان کی شدید مذمت ،افغان سفیرکی دفترخارجہ طلبی ،تاہم انہو ں نے ناگزیر مصروفیات کاجواز پیش کردیا ۔ ہرات کے ڈپٹی پولیس چیف غلام سرور حیدری نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستانی قونصل خانے کے باہر بم ایک سائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔

ڈپٹی پولیس چیف کے مطابق اس دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک خاتون زخمی ہوئی ہیں۔تاہم بعض ذرائع کے مطابق دھماکے میں قونصل خانے کی حفاظت پر مامورایک سکیورٹی اہلکار اورایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

دھماکے سے بم دھماکے سے قونصل خانے کی عمارت کے چند شیشے ٹوٹ گئے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق جس سائیکل پر بم نصب تھا وہ قونصل خانے کے باہر پولیس چوکی کے پاس کھڑی تھی۔

تاہم فوری طورپرکسی گروپ نے بم دھماکے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے سفارتخانے کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی درخواست کر رکھی تھی۔ دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان میں قونصل خانے کے باہر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ افغان حکومت پاکستانی سفارتخانے اورقونصل خانوں کے عملے کے تحفظ اورسکیورٹی کی ذمہ دار ہے ۔بیان میں امید ظاہرکی گئی ہے کہ افغان حکومت اس واقعہ کوسنجیدہ لے گی ۔بیان میں مزید کہاگیاہے کہ افغان سفیر کی دفتر خارجہ طلب کرکے اس سلسلے میں تشویش کااظہارکیاجائے گا ۔