معزول جج آئین کے شیڈول3 کے تحت حلف لے سکتے ہیں، انہیں سنیارٹی اور مراعات دی جائیں گی،فاروق ایچ نائیک ۔۔۔آئینی پیکیج کے حوالے سے سفارشات تاحال موصول نہیں ہوئیں ،حکومت انتظار کررہی ہے،صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 31 جولائی 2008 18:57

معزول جج آئین کے شیڈول3 کے تحت حلف لے سکتے ہیں، انہیں سنیارٹی اور مراعات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جولائی2008 )وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے کہاہے کہ معزول جج آئین کے تیسر ے شیڈول کے تحت حلف لے سکتے ہیں انہیں سنیارٹی اور مراعات دی جائیں گی،آئینی پیکیج کے حوالے سے سفارشات تاحال موصول نہیں ہوئیں ،حکومت انتظار کررہی ہے ۔ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن ججوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا وہ آئین کے تیسر ے شیڈول کے تحت حلف لے سکتے ہیں۔

اگر وہ عدلیہ میں شامل ہوں تو ہم ان کاخیرمقدم کریں گے اور ان کوسنیارٹی اور تما م مراعات دی جائیں گی انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی کے خاتمے کے بعد پی سی او ججز نے بھی پندرہ دسمبر کے بعد آئین کے تیسر ے شیڈول کے تحت حلف لیاتھا ۔انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت کے رہنماء میاں نوازشریف اورآصف علی زرداری مستقبل کے لائحہ عمل کافیصلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آئینی پیکیج کامسودہ تمام اتحادی جماعتوں ،پاکستان بارکونسل اور پنجاب بارکونسل دیاگیاتھا لیکن ابھی تک آئینی پیکیج سے متعلق کوئی سفارشات موصول نہیں ہوئیں۔

ہمیں اس پیکیج کے حوالے اتحادی جماعتوں کی جانب سے کوئی ایسی بات نہیں بتائی گئی کہ وہ انہیں منظورہے یا نہیں یا اس میں ترمیم یاتبدیلی ہوسکتی ہے ۔فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ حکومت آئینی پیکیج کے حوالے سے سفارشات کاانتظارکررہی ہے اور سفارشا ت موصول ہوتے ہی کابینہ کی منظور ی کے بعداس پر پارلیمنٹ میں اس پر بحث کی جائے گی ۔