غیر فوجی امداد پاکستان کیلئے امریکی دلچسپی کے شعبہ میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے ۔ شیری رحمان۔۔۔وفاقی وزیر اطلاعات کا امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی طرف سے پاکستان کیلئے امداد کے بل کی منظوری کا خیرمقدم۔15ارب ڈالر کی مجوزہ امداد سے نئی جمہوری حکومت کو ملک کی سماجی اور واقتصادی ترقی کیلئے مضبوط بنیادیں تعمیر کر نے میں مدد ملے گی ، نجی ٹی وی سے بات چیت

جمعرات 31 جولائی 2008 22:18

غیر فوجی امداد پاکستان کیلئے امریکی دلچسپی کے شعبہ میں بڑی تبدیلی کی ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جولائی2008 ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمان نے امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی طرف سے پاکستان کیلئے امداد کے بل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر فوجی امداد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کیلئے امریکی دلچسپی کے شعبہ میں بڑی تبدیلی آرہی ہے ۔وہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی وفد کی امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کررہی تھیں ۔

امریکی وفد میں سینیٹر چک ہیگل اور سینیٹر جا ن کیری شامل تھے ۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملاقات بے تکلفانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی اور پاکستان سے متعلق متعدد امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں ملاقات کے دور ان پاکستان کی ترقی میں دلچسپی لینے پر امریکی سینیٹر زکا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہاکہ ہم خارجہ تعلقات کمیٹی کی جانب سے قانونی مسودے کی منظوری کا خیرمقد م کرتے ہیں یہ بل اب منظوری کیلئے سینٹ میں پیش کیا جائیگا جس کے تحت پاکستان کو آئندہ دہائی کے دوران پندرہ ارب ڈالرکی امداد دینے کیلئے کہا گیا ہے وزیر اطلاعات نے کہاکہ غیر فوجی مد میں امداد پاکستان میں امریکی دلچسپی کے شعبہ میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خارجہ تعلقات کمیٹی کی جانب سے قانونی مسود ے کی متفقہ منظوری پاکستان کی نئی جمہوری حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے اور یہ بل پاکستانی حکومت کے ایجنڈے کی حمایت میں امریکی حکومت کے عزم کا اظہار ہے ۔شیری رحمان نے کہا کہ پندرہ ارب ڈالر کی مجوزہ امداد سے نئی جمہوری حکومت کو ملک کی سماجی اور واقتصادی ترقی کیلئے مضبوط بنیادیں تعمیر کر نے میں مدد ملے گی اور اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ امریکی حکومت ہمارے عوام کے ساتھ براہ راست کام کر نے کی خواہش مند ہے اور وہ جمہوریت کیلئے اٹھارہ فروری کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے ۔

وزیر اطلاعات نے امریکی سینیٹر بڈن لوگر  کیری اور ہیوی کی طرف سے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات مشترکہ اقدار اورمفاد باہمی پر مبنی ہونے چاہئیں اور بڈن لوگر بل کی منظوری ہمارے موقف کی تائید ہے۔انہوں نے کہاکہ قانونی مسود ے کی منظوری سے دونوں ممالک کے تعلقات کے مثبت پہلو اجاگر کر نے میں مدد ملے گی ۔