پاکستان سے عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد بھارت میں داخل ہو رہی ہے، پاکستان نئی دہلی کے داخلی اور خارجی مفادات کو نشانہ بنا رہا ہے،بھارتی وزیر دفاع اے کے انٹونی کی الزام تراشی

جمعہ 1 اگست 2008 16:06

پاکستان سے عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد بھارت میں داخل ہو رہی ہے، پاکستان ..
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔1اگست 2008ء) بھارت نے داخلی مسائل پر کنٹرول اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی پر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سے عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد بھارت میں داخل ہو رہی ہے اور پاکستان بھارت کے داخلی اور خارجی مفادات کو نشانہ بنا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر دفاع اے کے انٹونی نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں کبھی عسکریت پسندوں کی اتنی بڑی تعداد سرحد پار کرکے بھارت میں داخل نہیں ہوئی جتنی اب ہو رہی ہے ،انٹونی کا کہنا تھا کہ اب یہ معاملہ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھایا جا رہا ہے ۔

واضح رہے کہ بھارت نے ایل او سی پر یکطرفہ طور پر آہنی باڑ لگا رکھی ہے جبکہ سرحدوں پرغیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لیے بارڈر سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد بھی تعینات ہے ۔ادھر کولمبو میں سارک کے سربراہ اجلاس کے موقع پر کل وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی ملاقات بھی متوقع ہے جس میں بھارت کے بے بنیاد الزامات پر بات کی جائے گی۔