سارک ممالک تیل کے متباد ل ذرائع اختیارکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں،یوسف رضاگیلانی۔۔۔ سماجی حالت بدلے بغیرترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ،دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرناہونگی۔زرعی اور نہری نظام جدید خطوط پر استوار کرکے خوراک کے مسائل حل کرنا ہونگے،وزیراعظم کاسارک سربراہ کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 2 اگست 2008 14:20

سارک ممالک تیل کے متباد ل ذرائع اختیارکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں،یوسف ..
کولمبو(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02 اگست2008 ) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے جنوبی ایشیا کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے سارک ممالک کو تیل کے متبادل ذرائع اختیار کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا عوام کی سماجی حالت بدلے بغیرحقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا اس وقت انتہا پسندی اوردہشت گردی نے ساری دنیا بالخصوص جنوبی ایشیاء کو جکڑ رکھا ہے پاکستان بھی دہشت گردی جیسی لعنت کاشکار ہے حال ہی میں محترمہ بے نظیربھٹو شہیدجیسی عالمی رہنماکانقصان اٹھاچکے ہیں وزیراعظم نے ان خیالات کااظہار کولمبو میں پندرہویں سارک سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کابل میں بھارتی سفارتخانے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ہمیں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے موثر اورمتفقہ کوششیں کرنی ہونگی انہو ں نے کہا کہ اس ضمن میں سارک وزراء کے آئندہ اجلاس میں لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں کولمبوسارک کانفرنس کو خطے کی ترقی کیلئے اہم موڑ میں تبدیل کرنا ہوگا علاقائی تعاون کے بغیر ترقی کرنا آسان نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء غربت میں جکڑا ہوا ہے عوام کو غربت کے شکنجے سے نکالنے کیلئے علاقائی سطح پراقتصادی تعاون کو وسعت دینی ہوگی اور اس میں جدت لانی ہوگی جنوبی ایشیاء قدرتی وسائل سے مالا مال ہے یہاں کی زمینیں زرخیز ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ا ن وسائل سے استفادہ نہیں کیاجاسکا انہوں نے کہا کہ ہمیں زرعی اور نہری نظام جدید خطوط پر استوار کرکے ہمیشہ کیلئے سارک ممالک کے خوراک کے مسائل حل کرنا ہونگے انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ہم دنیا کے دیگر ممالک میں بھی خوراک کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ سارک ممالک کو دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی تعاون بڑھانا ہوگا جنوبی ایشیاء میں مواصلات اورٹرانسپورٹ کے رابطوں کو بڑھادیاجائے بالخصوص تجارت کیلئے ایسا کرنا ناگزیر ہے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سارک ممالک کے تمام مرکزی بنکوں کو اکنامکس،معاشی اورتجارتی بنیادوں پر نیٹ ورک قائم کرنا ہوگا تاکہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے متفقہ کوششیں کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پوری دنیا کی طرح جنوبی ایشیاء کے ممالک کی معیشتوں کوبری طرح متاثر کیا ہے یہ صحیح وقت ہے کہ اب ہم تیل کے متبادل ذرائع اختیار کرنے پر توجہ دیں بالخصوص شمسی توانائی ،ہوائی توانائی اوردیگرذرائع اختیارکرنے کیلئے ہمہ گیرکوششیں کرنی ہونگی تاکہ معیشت پرپڑنے والے مضر اثرات کوختم کرکے سماجی ومعاشی ترقی کو فروغ دیاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ غربت ختم کرنے کیلئے سارک سوشل چارٹر پرعمل کیاجائے عوام کو سارک میں نمائندگی دیے بغیرخطے کی سماجی حالت بدلنے کاتصوربھی نہیں کیاجاسکتا انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاحت کے شعبو ں میں بھی جنوبی ایشیاء کے پاس بہترین مواقع ہیں سارک کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ڈھاکہ اعلامیہ پر عمل درآمدکرناہوگا اور خطے میں ماحول پر پڑنے والے مضراثرات کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا کوہ ہمالیہ اورقرارقرم جنوبی ایشیاء میں تازہ پانی کا سب سے بڑاذریعہ ہیں مستقبل میں پانی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ہمیں ابھی سے لائحہ عمل اختیارکرنا ہوگا وزیراعظم نے کہا کہ یہ گلوبلائزیشن کا دورہے اس میں کوئی بھی ملک تنہانہیں رہ سکتا۔

ہمیں دنیا کے ساتھ ملکرچلنے اورترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے مشترکہ سارک چارٹراختیارکرناہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کو متعدد سیاسی مسائل کا سامنا ہے جن کو حل کرنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے امن عمل کوآگے بڑھانے کی ضرورت ہے مسائل کے خاتمے کے ذریعے ہی ترقی کا خواب پوراہوسکتا ہے سارک عمل میں عوام کو لانا ہوگا اسی سے ہی ہم کوکامیابی مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارک چارٹر کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے پاکستان ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سارک چارٹر عوامی فلاح وبہبود اورپارٹنر شپ کا چارٹرہے ہمیں امید ہے کہ کولمبوکانفرنس اس ضمن میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے مبصر ممالک کاخیرمقدم کیا انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اورمیانمار جیسے ممالک سے سارک کے ساتھ تعاون کوآگے بڑھائے وزیراعظم نے سارک کانفرنس کے شاندار انعقاد اورعمدہ میزبانی پرسری لنکن حکومت کا شکریہ ادا کیا انہوں نے سری لنکا کے صدر کوسارک کانیاچیئرمین بننے پر مبارکباد دی اوربھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ کو سارک کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سارک کے نئے چیئرمین کی سربراہی میں سارک عوام کی ترقی اورغربت کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے میں کامیاب ہوگی۔

متعلقہ عنوان :