ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ۔روجھان میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹروں کے زریعے نکالاجارہا ہے ،بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی۔اپ ڈیٹ

اتوار 3 اگست 2008 13:12

ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ۔روجھان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اگست۔ 2008ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔کراچی ، حیدرآباد ، بدین، ٹھٹھہ ، اور سندھ کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی اطلاعات ہیں۔کراچی میں گذشتہ رات شروع ہونے والی بارش کاسلسلہ جاری ہے ،شہرکے بیشتر علاقوں میں بجلی بند ہے جبکہ بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہے ۔

حیدرآباد میں رات بھر شدید بارش کے بعد متعددعلاقوں میں بجلی بند ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے مختلف علاقوں اور تونسہ میں سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں اورہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ پاک فوج نے روجھان اور شاہ والی کے چند علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے تاہم تحصیل جام پور ، داجل ، فاضل پور سمیت دیگر علاقوں کے متاثرین تاحال حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ۔ ہرنائی ،زیارت ،لورالائی، خانوزئی ،بولان ،ڈھاڈر ،مچھ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ رات ہونے والی بارشوں کے باعث متعدد مقامات پر سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ مانسہرہ میں مٹی کے تودے گرنے کی اطلاعات ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواوٴں کا ایک سلسلہ شمال مغربی بلوچستان پر موجو د ہے جو کہ شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ مون سون کا ایک نیا سلسلہ شمال مغربی بنگا ل میں اڑیسہ کی ساحلی پٹی پر بھی بن رہا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش حیدر آبا د میں 81 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ لاڑکانہ 47 ،جیکب آباد 17 ، راولا کوٹ14 ،مظفر آباد11 جبکہ خضدار میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔