پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو نیویارک منتقل کردیا گیا، آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، ایف بی آئی اور نیویارک پولیس حکام کا دعویٰ، امریکی خفیہ ایجنسی نے ای میل کے ذریعے منتقلی سے متعلق آگاہ کیاہے ، فوزیہ صدیقی

منگل 5 اگست 2008 11:43

پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو نیویارک منتقل کردیا گیا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 5اگست 2008ء) امریکی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی نڑاد امریکی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو نیویارک منتقل کردیا گیا ہے ۔ جہاں انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، ان پر امریکی فوجی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کا الزام ہے ۔ نیو یارک میں سی این این نے امریکی فیڈر ل پراسیکیوٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر گزشتہ ماہ افغانستان کی جیل میں امریکی فوج کے اہلکاروں پر فائرنگ کا الزام ہے ۔

پر اسیکیورٹر کا کہنا ہے کہ افغان جیل میں اٹھارہ جولائی کو ایف بی آئی کے دو اسپیشل ایجنٹس نے مترجم کے ہمراہ جب عافیہ صدیقی کمرے میں داخل ہو ئے تو امریکی نڑاد پاکستانی خاتون نے ایجنٹ کی رائفل سے دو نوں امریکی افسر پر فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

امریکی حکام کے مطابق امریکی افسر کی جوابی فائرنگ سے عافیہ صدیقی زخمی ہو گئیں جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ افغان سیکورٹی فورسز نے عافیہ صدیقی کو گورنز غزنی کے دفتر کے باہر سے سترہ جولائی دوہزار آٹھ کو دستاویز کے ہمراہ گرفتا ر کیا تھا۔ امریکی حکام کا کہناہے کہ دستاویز میں بم بنانے سے متعلق ہدایات درج تھیں۔ دوسری جانب عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ نے کہاہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی نے عافیہ صدیقی کو امریکہ منتقل کرنیکی تصدیق کردی ہے ۔

فوزیہ صدیقی نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ امریکی حکام کی جانب سے انہیں ایک ای میل موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ منتقل کردیا گیا ہے اور آج انہیں عدالت میں پیش کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ امریکی حکام کی جانب سے بھیجی جانیوالی ای میل میں ان پر مختلف نوعیت کے سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں جو بے بنیاد ہیں۔

ادھر امریکا میں متعین پاکستانی سفیر حسین حقانی پاکستانی نڑاد امریکی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سفارتیا حلقوں تک رسائی دلانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں واشنگٹن سے نمائندہ نجی ٹی وی کے مطابق حسین حقانی نے بش انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سفارتی حلقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا موقف سامنے آسکے ۔