صدر کا مواخذہ، سینٹ میں حکمران اتحاد کو61 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہوگئی۔سمیع الحق سمیت فاٹا کے ارکان کی رضا ربانی سے اہم ملاقات،مولانا سمیع الحق کی شرائط تسلیم کرنے کی یقین دہانی۔

جمعہ 15 اگست 2008 18:05

صدر کا مواخذہ، سینٹ میں حکمران اتحاد کو61 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہوگئی۔سمیع ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15اگست2008 ) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء ، مستعفی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سینٹ میں قائد ایوان رضا ربانی سے جمعہ کو فاٹا کے سینیٹروں اور جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے ملاقات کی جس میں صدر کے مواخذے کی تحریک کی حمایت کرنے کے امور پر بات چیت کی گئی ، مولانا سمیع الحق نے حمایت کیلئے بعض شرائط پیش کیں جسے حکمران اتحاد کے دونوں سینیٹرز نے قبول کرنے کا یقین دلایا ، فاٹا کے سینیٹروں کی ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی جس میں فاٹاکی صورتحال اور صدر کے مواخذے کی تحریک کو کامیاب بنانے کے امورپر بات چیت کی گی ، مولانا سمیع الحق نے بھی بعد میں اسحاق ڈار اوررضا ربانی سے ملاقات کی اور صدر کے مواخذے کی تحریک کی حمایت کا یقین دلایا ، ذرائع کے مطابق سینٹ میں حکمران اتحاد کو مواخذے کی تحریک کیلئے 61 سینیٹرز کی حمایت حاصل ہوگئی ہے ، پی پی پی شیر پاؤ کے تین سینیٹرز نے بھی حمایت کا یقین دلا دیا ہے جبکہ مولانا سمیع الحق کی طرف سے حمایت ملنے کے بعد مجموعی طور پر 61 سینیٹرز نے مواخذے کی تحریک کی حمایت کا یقین دلایا ہے جبکہ مسلم لیگ ق کے ناراض سینیٹرز کی تعداد 10 کے قریب پہنچ چکی ہے ۔