فیصل آباد کے وکلاء نے پرویز مشرف کو چوک گھنٹہ گھر میں پھانسی دینے کا مطالبہ کر دیا

منگل 19 اگست 2008 22:17

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19اگست2008) فیصل آباد کے وکلاء نے پرویز مشرف کو چوک گھنٹہ گھر میں پھانسی دینے کا مطالبہ کر دیا۔ گزشتہ روز یوم نجات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے جلوس نکالا۔ جلوس کے شرکاء کچہری بازار کے راستے چوک گھنٹہ گھر پہنچے جہاں ان کا تاجروں نے بھرپور استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مٹھائی تقسیم کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر بار ناصر علی گورایہ، سیکرٹری فرخ گلزار اعوان، سابق صدر رفیق احمد بٹالوی، نثار احمد نثار، نعیم گجر، شوکت نسیم، سکینہ چوہدری، دلبر حمید بل، رانا محمد انور اور دیگر مقررین نے کہا کہ سابق صدر کی ہڈیوں کا گودا شہداء لال مسجد کے قدموں میں بکھیرا جائے گا۔ اس کے عبرتناک حشر سے دنیا عبرت پکڑے گی۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کی لاش چالیس دن تک عوامی چوراہے پر لٹکائی جائے تاکہ ظالم کا انجام سب کی آنکھوں کے سامنے آجائے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی گندی مچھلیوں کا بھی احتساب کیا جائے گا۔ حکمران طبقہ اپنا قبلہ درست کر لے ۔ اگر انہوں نے پرویز مشرف کی پالیسیاں جاری رکھیں تو قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔ پرویز مشرف کی رخصتی کا سہرا چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا کوٹ کالی ٹائی مشرف تیری شامت آئی اور گو مشرف گو کے نعرے وکلاء نے دئیے اور اس پر محنت کی جس کی وجہ سے ہمیں یہ مبارک دن دیکھنا نصیب ہوا۔ اس موقع پر سابق صدر پرویز مشرف اور پی سی او چیف جسٹس کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔