آصف زرداری عوامی رائے کے بجائے پاکستان کے مفاد میں فیصلے کریں،امریکہ

بدھ 10 ستمبر 2008 17:34

آصف زرداری عوامی رائے کے بجائے پاکستان کے مفاد میں فیصلے کریں،امریکہ
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10ستمبر2008 ) امریکی صدر بش نے نومنتخب صدر آصف زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوامی رائے کے بجائے پاکستان کے مفاد میں فیصلے کریں۔ وائٹ ہاوٴس کی ترجمان ڈانا پرینو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر بش نے آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد کا فون کیا۔انھوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران صدر بش نے آصف زرداری کو رائے عامہ کے بجائے ملکی مفاد پیش نظر رکھنے کا مشورہ دیاہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکی صدر جارج بش نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری وہی کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے جس میں پاکستان کی خراب اقتصادی حالت اور قبائلی علاقوں میں امن وامن کی بگڑتی ہوئی صورت حال جیسے معاملات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر بش پاکستانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدربش جلد ہی آصف علی زرداری سے اقوام متحدہ میں ملاقات کریں گے۔ ترجمان وائٹ ہاوس نے کہا کہ صدر بش نے صدر آصف علی زرداری اور افغان صدر حامد کرزئی کے درمیان ملاقات کو بھی خوش آئند قرار دیاہے۔ صدر بش نے آصف زرداری پر زور دیا کہ قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی نئی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صدر بش نے واشنگٹن کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون کرے گا۔

متعلقہ عنوان :