ججز کی بحالی کیلئے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔حکومتی فارمولے کے تحت حلف اٹھانے والے ججز تین نومبر کے اقدام کو درست تسلیم کر رہے ہیں ‘ اعتزاز احسن

جمعرات 18 ستمبر 2008 15:24

ججز کی بحالی کیلئے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18ستمبر2008 ) ججز کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ‘ ریلی کے شرکاء سارے راستے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے جبکہ شرکاء نے بینرز او رپلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر عدلیہ کی بحالی کے لئے مختلف نعرے درج تھے ۔

لاہور ہائیکورٹ سے شروع ہونیوالی ریلی کی قیادت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اعتزاز احسن ‘ لاہو رہائیکورٹ بار کے صدر انور کمال‘ سیکرٹری جنرل رانا اسد اللہ خان ‘ پاکستان بار کونسل کے ممبر حامد خان نے کی جبکہ اس موقع پر خاکسار تحریک کے قائد حمید الدین مشرقی ‘ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم‘ پختونخواہ ملی پارٹی لاہور کے صدر مبین احمد خان ‘ جمعیت علمائے نفاذ شریعت کے سربراہ انجینئر سلیم ‘ لیبر پارٹی کے سیکرٹری جنرل فاروق طارق جبکہ مسلم لیگ (ن) او رتحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ جو معزول ججز حکومتی فارمولے کے تحت حلف اٹھا رہے ہیں وہ نہ صرف تین نومبر کے اقدام کو درست تسلیم کر رہے ہیں بلکہ اپنے اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک کیساتھ بھی زیادتی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ وکلاء میں دڑاڑیں پڑ چکی ہیں لیکن اسکے باوجود ججز کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری ہے اور اسکے لئے وکلاء کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے ۔

جن معزول ججز نے دوبارہ حلف اٹھایا ہے ہمارا ان سے مطالبہ ہے کہ وہ بلا خوف تمام فیصلے کریں کیونکہ اب انکی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو انصاف فراہم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 اکتوبر کو اسلام آباد میں بین الاقوامی وکلاء کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں معزو ل چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بھی شریک ہونگے جبکہ 14نومبر کو افتخار محمد چوہدری یورپ کے دورے پر روانہ ہونگے جہاں وہ نیویارک بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے علاوہ لائف ممبر شپ بھی حاصل کرینگے جبکہ 19نومبر کو بوسٹن میں ہاورڈ یونیورسٹی سے میڈل آف فریڈم کا اعزاز حاصل کرینگے ۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ضرور ایک دن اپنے عہدے پر بحال ہونگے ‘وہ آج بھی ثابت قدم ہیں اور عدلیہ کی آزادی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔ حامد خان نے کہا کہ وکلاء کو تقسیم کرنے کی کوششیں کرنیوالی قوتیں پہلے بھی ناکام رہیں او رآئندہ بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا ۔ وکلاء تحریک اس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک تمام معزول ججز کو انکے عہدوں پر بحال نہیں کیا جا تا ‘ موجودہ حکومت بھی پرویز مشرف کی طرح معزول ججز کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔ اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا ۔