اپنی سرزمین کے اندر کسی کو بھی کارروائی کی اجازت نہیں دینگے‘ شاہ محمود قریشی۔سرحدوں کا تحفظ کرنا پاک افواج کی ذمہ داری ہے‘ قبائلی علاقوں میں حملوں کا معاملہ سفارتی ذرائع سے حل کرینگے‘ بھارت سندھ طاس معاہدے کا احترام کرے‘ وزیر خارجہ کی ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 19 ستمبر 2008 11:35

اپنی سرزمین کے اندر کسی کو بھی کارروائی کی اجازت نہیں دینگے‘ شاہ محمود ..
ملتان (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19ستمبر2008 ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حدود کے اندر کسی کو کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پاکستان کی سرحدوں کا تحفظ کرنا پاکستانی افواج کی ذمہ داری ہے۔ قبائلی علاقوں میں حملوں کا معاملہ سفارتی ذرائع سے حل کرینگے۔ امریکی کارروائیوں سے معیشت متاثر ہو رہی ہے۔ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کا احترام کرنا چاہئے۔

ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی کوشش ہے کہ اپنے دوستوں میں اضافہ کرے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنی حکمت عملی سے مفادات کا تحفظ بھی کریں اور اپنے بین الاقوامی وعدے بھی پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں سے پاکستان کے امیج کو جو نقصان پہنچ رہا ہے میڈیا اس کو بھی اجاگر کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے امریکہ پر واضح کر دیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں حملے برداشت نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈمرل مائیکل مولن کے بیان کے باوجود پاکستانی حدود میں امریکی کارروائیاں ان کے اداروں کے درمیان عدم رابطے کو ثابت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کارروائیوں سے ہماری معیشت متاثر ہو رہی ہے۔ رابرٹ گیٹس کے بیان پر انہوں نے کہا کہ یہ صرف اخباری اطلاعات ہیں اس پر فوری طور پر کوئی بیان نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے اور طالبان کی کارروائیوں سے حکومتی رٹ چیلنج ہو رہی ہے اور پاکستان کا دنیا میں امیج خراب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کو بھی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے سوال پر کہا کہ عنقریب ایک وفد دہلی جائے گا۔ بھارت کے ساتھ براہ راست لائن آف کنٹرول پر بات چیت کا آغاز جلد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پانی کا مسئلہ سندھ طاس معاہدے کے تحت حل کیا جائے گا۔