امدادی فنڈ کی خبر، عالمی شیئربازار میں تیزی ،نیویارک بازارِ حصص میں ایسی تیزی سالوں بعد دیکھنے میں آئی

جمعہ 19 ستمبر 2008 13:22

امدادی فنڈ کی خبر، عالمی شیئربازار میں تیزی ،نیویارک بازارِ حصص میں ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین19ستمبر2008 ) عالمی بازارِ حصص پر امریکی حکام کی جانب سے عالمی مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک جامع منصوبہ کی تیاری کے اعلان کا مثبت اثر دیکھنے میں آیا ہے اور جمعہ کو مشرقِ بعید کے بازارِ حصص میں تیزی کا رجحان ہے۔بی بی سی کے مطابق مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے منصوبے کی تیاری کا اعلان امریکی وزیرِ خزانہ ہنری پالسن نے جمعرات کو شام گئے کانگریس ممبران سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔

اس ملاقات میں فیڈرل ریزرو کے سربراہ بین برنیک بھی شریک تھے۔ ہنری پالسن کا کہنا تھا کہ بینکوں کو ڈوبے ہوئے قرضوں سے نجات دلانے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈوبے ہوئے قرضوں سے چھٹکارا اس بچاوٴ منصوبے کا مرکزی نکتہ ہے جس کی تفصیلات اس ہفتے کے اختتام تک طے کر لی جائیں گی۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ بازارِ حصص پر پڑنے والے دباوٴ کی اصل وجہ ’ریئل اسٹیٹ‘ کے شعبے میں ہونے والی’ کریکشن‘ اور پراپرٹی کی قیمتوں میں آنے والی کمی ہے۔

سی این بی سی کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ اسّی کی دہائی میں بینکوں کے دیوالیہ ہونے کے بعد قائم کی جانے والی ریزولیوشن ٹرسٹ کارپوریشن کی طرح کا کوئی ادارہ قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ادھر موجودہ مالیاتی بحران کا سبب بننے والے مالیاتی اداروں کے ’ڈوبے ہوئے قرضوں‘ کی فروخت میں مدد دینے کے لیے امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے اقدامات کے اعلان کے بعد جاپانی بازار حصص میں بھی کاروبار کے آغاز پر ہی قریبا دو فیصد کی بہتری دیکھنے میں آئی جو دن چڑھنے تک تین فیصد تک جا پہنچی۔

ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی گزشتہ روز کے مقابلے میں سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو امریکہ کی نیویارک سٹاک ایکسچینج میں پونے چار فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ نیویارک کا ڈاوٴ جونز انڈسٹریل انڈیکس جو بدھ کو چار فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوا تھا جمعرات کو چار سو دس پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ گیارہ ہزار انیس اعشاریہ چھ نو پر بند ہوا۔

ہف امریکی بینک لیہمین برادز کے دیوالیہ ہونے، میرل لینچ جیسے ادارے کی پچاس ارب ڈالر میں فروخت، امریکی حکومت کی جانب سے دنیا کی ایک بڑی انشورنس کمپنی اے آئی جی کو ڈوبے سے بچانے کے لیے قرضے کی فراہمی اور پھر مالیاتی مشکلات کا شکار برطانیہ کے بڑے مالیاتی ادارے ایچ بی او ایس کے لائیڈز بینک سے انضمام جیسے واقعات کی وجہ سے دنیا بھر کے بازارِ حصص شدید اونچ نیچ کا شکار رہے ہیں۔

نیویارک کی منڈی میں تیزی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ امریکی حکومت یہ تحقیقات بھی کر رہی ہے کہ آیا کچھ سرمایہ کاروں نے وال سٹریٹ کمپنیوں کو عمداً مالی خسارے سے دوچار کر کے فائدہ اٹھانے کی کوشش تو نہیں کی۔ ایسی کمپنیوں میں ڈوبنے والا سرمایہ کار بینک لیہمن برادرز بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں نیویارک کے اٹارنی جنرل کو حصص کی اس نوعیت کی خرید و فروخت کی شکایات ملی ہیں جو قیمت کو گرانے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے کی جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :