ملک بھر میں لاکھوں روزہ دار اعتکاف میں بیٹھ گئے

اتوار 21 ستمبر 2008 23:47

ملک بھر میں لاکھوں روزہ دار اعتکاف میں بیٹھ گئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2008ء) ملک بھر میں لاکھوں روزہ داروں نے اتوار کی شام رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسنون اعتکاف کا آغاز کیا۔ مردوں نے مساجد اور اعتکاف کیلئے مخصوص کی گئی جگہوں پر اعتکاف کی نیت کی جبکہ خواتین نے اپنے اپنے گھروں میں اعتکاف کی عبادات شروع کر دیں۔ مسنون اعتکاف کی نیت نماز عصر کے بعد کی جاتی ہے اور نماز مغرب کے بعد اعتکاف کا باقاعدہ آغاز ہو جاتا ہے ۔

ملک بھر میں اعتکاف کے انتظامات نجی اور سرکاری سطح پر مکمل کئے گئے تھے اور ملک بھر کی مختلف مساجد میں انتظامی کمیٹیاں بنا کر معتکف حضرات کو سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ دوسری جانب محکمہ اوقاف کے زیر انتظام جامع مسجدوں میں بھی کئے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی دینی تنظیموں کی جانب سے رواں سال شہر اعتکاف بسانے کا اعلان کئے تھے وہاں پر بھی ہزاروں فرزندان اسلام اجتماعی اعتکاف میں بیٹھے ۔

(جاری ہے)

دوران اعتکاف نامور علماء کرام، مشائخ عظام اور مذہبی اسکالرز اعتکاف میں بیٹھنے والوں کو اسلامی تعلیمات سے روشن کرائیں گے ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران ملک بھر میں بالعموم اور صوبہ پنجاب سمیت حساس علاقوں میں بالخصوص امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے جس کے تحت تمام عبادت گاہوں پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے ، کلوز سرکٹ، کیمروں کی تنصیب سمیت سادہ اور باوردی اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ گشت کے نظام کو بھی بڑھایا گیا ہے تاکہ فرزندان توحید یکسو ہو کر اپنی عبادات کر سکیں۔

علاوہ ازیں مختلف تنظیموں کی طرف سے اجتماعی سحر و افطار کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ معتکف حضرات اعتکاف کے دوران اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی مغفرت کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے بھی خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں مانگیں گے ۔ شوال کا چاند نظر آنے پر معتکف حضرات کو پھولوں کے ہار ڈال کر گھروں کو لایا جائے گا اور اس سعادت سے فیض یاب ہونے پر انہیں مبارکبادیں دی جائیں گی۔