سوات میں پہلی مرتبہ کرفیو کے نفاذ کے باوجود سینکڑوں مشتعل افراد کا فوجی آپریشن کے خلاف احتجاج ، سرکاری بینک نذرِ آتش۔ فورسز کی فائرنگ میں 6 مظاہرین ہلاک ،19 زخمی، نامعلوم افراد نے سوات کے گیس پلانٹ اور بجلی گرڈ سٹیشن کو تباہ کر دیا

منگل 23 ستمبر 2008 21:49

سوات میں پہلی مرتبہ کرفیو کے نفاذ کے باوجود سینکڑوں مشتعل افراد کا ..
سوات (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین3 2ستمبر2008 ) صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں پہلی مرتبہ کرفیو کے نفاذ کے باوجود سینکڑوں مشتعل افراد نے فوجی آپریشن کے خلاف احتجاج کے دوران دو سرکاری بینکوں کو نذرِ آتش کردیا جبکہ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں 6 مظاہرین ہلاک اور19 زخمی ہوگئے ادھر نامعلوم افراد نے سوات کے گیس پلانٹ اور بجلی گرڈ سٹیشن کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں لوگ گیس اور بجلی کی سہولت سے محروم ہوگئے ۔

”بی بی سی “کے مطابق گزشتہ روز تحصیل چہار باغ کے الہ آباد کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے داغے گئے گولے سے ایک ہی گھر کے پانچ افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے بعد سینکڑوں مشتعل افراد نے سڑکوں پر نکل کر سکیورٹی فورسز کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چہار باغ کے سینکڑوں مشتعل افراد پر مشتمل ایک احتجاجی جلوس پندرہ کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرتے ہوئے صدر مقام مینگورہ کی طرف بڑھ رہا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے انہیں آگے جانے سے روکنے کے لیے فائرنگ کی جس میں چھ افرادہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس دوران مینگورہ میں بھی کرفیو کے نفاذ کے باوجود بڑی تعداد لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے دو سرکاری بینکوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا اور جگہ جگہ ٹائر جلائے گئے۔ مظاہرہ کی قیادت کرنے والے سردار علی نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور علاقے میں گیس پلانٹ اور بجلی گرڈ سٹیشن کی تباہی نے لوگوں کو بغاوت کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پورے سوات میں بجلی اور گیس نہیں ہے۔ کرفیو کے نفاذ کی وجہ سے عام شہری مسجد تک نہیں جاسکتے مگر اس دوران مسلح افراد درجنوں کی تعداد میں آ کر حکومتی تنصیبات تباہ کرکے آرام سے واپس چلے جاتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ پاکستانی فوج نکل کر ہمیں طالبان کے رحم و کرم پر ہی چھوڑ دے۔ دوسری طرف پاکستانی فوج کے ایک ترجمان میجر مراد نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کی صبح سوات کے علاقے بلوگرام میں نامعلوم افراد نے گیس پلانٹ کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور پورے سوات کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے دو دن قبل سوات گرڈ سٹیشن کو بھی دھماکے سے تباہ کردیا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے سوات میں بجلی معطل ہے۔