ملک کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ پرویز اشرف

جمعرات 16 اکتوبر 2008 16:38

ملک کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ پرویز اشرف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین16 اکتوبر2008) وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ملک میں بجلی کی مانگ گیارہ ہزار میگاواٹ ہے جس کو پورا کرنے کیلئے چار ہزار میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ اگلے سال دسمبر تک بجلی کے بحران پر قابو پا لیں گے۔

بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام بھی آئندہ برس شروع ہو جائے گا ۔اسلام آباد میں این پی سی سی کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور اس سے ہم نے بحیثیت قوم نمٹنا ہو گا، ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، صبر و تحمل سے حالات کا تجزیہ کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ہم نے جو منصوبے اب شروع کئے ہیں وہ اگلے سال دسمبر تک مکمل ہوں گے اور 2009ء کے آخر تک 6 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار حاصل کی جائے گی جبکہ 2010ء میں بجلی کی مانگ میں مزید اضافہ ہو گا۔

جبکہ تھرکول کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پہلی ہوائی چکی چند دن میں کام شروع کر دے گی، ہم شمسی توانائی کے حصول کیلئے بھی کوششیں کر رہے ہیں، یہ توانائی اگرچہ مہنگی ہے لیکن اس کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ سٹریٹ لائٹس اور بوائلرز اس پر منتقل کئے جائیں اور کم سے کم وقت میں ہم اس کے حصول کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی کی بچت کا جو منصوبہ شروع کیا تھا اس کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور اس منصوبہ سے ہمیں 250 میگاواٹ بجلی کی بچت ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے دوران واپڈا پیپکو کی انتظامیہ سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ہم ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں اور ادارہ میں بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے ۔وفاقی وزیر پانی وبجلی کا کہنا تھا کہ بجلی کے بحران کی ایک وجہ صوبوں کی درخواست پر آبی ذخائر سے پانی کے اخراج میں کمی ہے جس سے ہائیڈل پاوور کی پروڈکشن چھ ہزار میگا واٹ سے کم ہو کر سو لہ سو میگاواٹ رہ گئی ہے