اوباماآج پہلی نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے

جمعہ 7 نومبر 2008 11:18

اوباماآج پہلی نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے
شکاگو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 7نومبر 2008 ء) امریکا کے نو منتخب صدر براک اوباما آج مالی مشیروں سے ملاقات کے بعد پہلی نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔امریکا میں نئی انتظامیہ کی آمد پر نئے وزیر خزانہ کے انتخاب اور نئی معاشی حکمت عملی سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کررہی ہیں۔ مالی بحران پر بڑھتے ہوئے خدشات دور کرنے کے لئے نومنتخب صدر براک اوباما آج شکاگو کے ایک ہوٹل میں پہلی نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

نیوز کانفرنس سے قبل براک اوباما مالی مشیروں کی ٹیم سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں سابق وزرائے خزانہ لیری سمرز، رابرٹ روبن اور فیڈرل ریزرو کے سابق سربراہ پال وولکر شریک ہوں گے۔ لیری سمرز اور پال وولکر کے نام مستقبل کے وزرائے خزانہ کے امیدواروں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مستقبل کی معاشی حکمت عملی پر بات ہوگی جس میں ارب پتی تاجر ویرن بفے بذریعہ فون حصہ لیں گے۔

اوباما کو آج قومی سلامتی کے امور پر ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس مائیک مک کونل بریفنگ دیں گے۔ادھر براک اوباما اپنی انتظامیہ تشکیل دینے میں مصروف ہیں ،ریاست الینوائے سے کانگریس کے رکن اسرائیلی یہودی رحم عمانوئیل نے وائٹ ہاؤس کا چیف آف اسٹاف بننے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ اسرائیل میں اس تعیناتی پر مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ امریکی اخبارات اور ویب سائٹس کی اطلاعات کے مطابق اوباما کے سینئر اسٹریٹیجک رابرٹ گبز کو وائٹ ہاؤس میں پریس سیکریٹری کا اہم عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں نو منتخب صدر براک اوباما پیر کو صدر جارج بش سے ملاقات میں عراق جنگ اور اقتصادی بحران پر بات کریں گے۔