صدرآصف زرداری ججز کی بحالی میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں‘یقین نہیں وہ ججز بحال کرینگے یا نہیں ‘چوہدری اعتزاز احسن ۔۔۔۔آئی ایم ایف پاکستان کو دی جانیوالی مالی امداد کو آزاد عدلیہ سے مشروط کر ے ‘غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو

منگل 11 نومبر 2008 15:50

صدرآصف زرداری ججز کی بحالی میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں‘یقین نہیں ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11نومبر2008 ) سپریم کورٹ بار کے سابق صدر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری ججوں کی بحالی میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں ‘آئی ایم ایف پاکستان کو مالی امداد دینے سے پہلے آزاد عدلیہ کی شرط رکھے ‘آزاد اور خود مختار عدلیہ ہی پاکستان میں طالبان نائزیشن کا راستہ روک سکتی ہے ۔ غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ جب تک ملک میں عدلیہ آزاد اور خود مختار نہیں ہو گی معاشی استحکام ممکن ہے اور نہ ہی غیر قانونی کام کرنے والوں کو سزا مل سکتی ہے ۔

جسٹس افتخار محمد چوہدری ہی ساٹھ سالہ تاریخ میں پہلے جج ہیں جنہوں نے پانچ جرنیلوں کے سامنے انکار کی جرات کی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ فضا میں معلق آئینی پیکج پر مشتمل نہیں ہوتی ‘ججز کا اعتماد بحا ل کرنے کیلئے تین نومبر2007ء کے تمام غیر آئینی اقدامات کو واپس لینا ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وکلاء تحریک کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کوئی پریس کانفرنس کی ہے اور نہ ہی سیاسی تقریب بلکہ جہاں بھی سیاسی کارکن ہوتے ہیں وہاں وہ وکلاء سے بھی خطاب نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری ‘جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت تمام معزول ججز کی بحالی کیلئے تین معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود مجھے یقین نہیں کہ وہ جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بحال کرینگے یا نہیں لیکن وکلاء کی تحریک انکی بحالی تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عدل کا نظام ایسا شفاف ہونا چاہیے کہ کوئی بھی اعتماد سے ہمارے ہاں سرمایہ کاری کر سکے ۔ پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی کیمپ نہیں لیکن طالبان نائزیشن کو روکنے کیلئے ملک میں آزاد اور خود مختار عدلیہ کا قیام انتہائی ضروری ہے جس کیلئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں ۔