بنوں  خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس وین سے ٹکرا دی  7اہلکار جاں بحق  16زخمی ، دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا  صدر وزیر اعظم

جمعہ 28 نومبر 2008 19:14

بنوں  خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس وین سے ٹکرا دی  ..
بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر۔2008ء) بنوں کوہاٹ روڈ پر خود کش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی پولیس وین سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد جاں بحق اور 16زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔واقعہ جمعہ کی شام پانچ بجکر بیس منٹ پر اس وقت پیش آیا جب تھانہ ٹاؤن شب کے علاقے تازیری چوک میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری پیلے رنگ کی ہائی ایس گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی پولیس کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کی زد میں آکر چار پولیس اہلکار اور تین راہ گیر جاں بحق اور9پولیس اہلکاروں سمیت16افراد زخمی ہو گئے ۔

زخمیوں میں تھانہ ٹاؤن شپ کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اردگرد کی دکانوں اور ہوٹلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور پولیس وین  خود کش حملہ آور کے جسم کے اعضاء جائے وقوعہ پر بکھر گئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور خود کش حملہ آور کا سر  جسم کے ٹکڑے اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیئے گئے ہیں۔

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ذرائع کے مطابق جس جگہ خود کش حملہ ہوا وہاں سے پانچ منٹ قبل پا ک فوج کا قافلہ گزرا تھا۔ادھرصدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے بنوں میں خودکش بم دھماکے کی شدیدمذمت کی ہے جس میں بعض پولیس اہلکاربھی جاں بحق ہوگئے ۔صدر مملکت نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کاعزم کررکھاہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھو ں سے نمٹا جائے گا۔وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے اپنے بیان میں کہاکہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے ۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کے حوصلے کی تعریف کی اوربنوں خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت کی اوران کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہارکیا۔

متعلقہ عنوان :