بینظیر بھٹو کی پہلی برسی کل منائی جائیگی ،بڑی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی ،قافلے مزار پر پہنچنے شروع ہوگئے

جمعہ 26 دسمبر 2008 15:30

بینظیر بھٹو کی پہلی برسی کل منائی جائیگی ،بڑی تقریب گڑھی خدا بخش میں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26دسمبر2008 ) پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی ہفتہ منائی جائے گی ۔بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی کی سب سے بڑی تقریب میں شرکت کے لئے ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کو27 دسمبر کی شام راولپنڈی کے لیاقت باغ میں شہید کردیا گیا تھا۔

جس کی یاد میں ملک بھر میں دعائیہ تقریبات منعقد کی جائینگی ۔اس سلسلے میں گزشتہ روز پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کا اجلاس صوبائی وزیر ایاز سومرو کی زیر صدارت ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برسی کی تقریبات کا آغاز 27 دسمبر کو صبح نو بجے مزار پر حاضری سے ہوگا۔ گیارہ بجے اجتماعی دعا ہوگی اور مزار پر لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ دوپہر دو بجے مرکزی جلسہ گاہ میں مشاعرہ ہوگا۔

سندھی اردو مشاعرے میں ملک بھر کے شعراء بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔سہ پہر تین بجے جلسہ ہوگا۔ جس سے پیپلز پارٹی کے قائدین خطاب کریں گے۔ شہادت کے وقت یعنی پانچ بج کر بیس منٹ پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور ساڑھے پانچ بجے بے نظیر بھٹو کی زندگی پر مشتمل دستاویزی فلم دکھائی جائے گی شام چھ بجے تقریب کے اختتام کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :