پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلسطین پر اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے

اتوار 18 جنوری 2009 18:40

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلسطین پر اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاجی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جنوری۔2009ء) غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں بچوں سمیت تیرہ سو سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آسٹریلیا کے شہروں سڈنی اور میلبرن میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین کا عالمی برادری سے مطالبہ تھا کہ فلسطین کے معاملے پر انصاف کا خون نہ ہونے دیا جائے ۔

ادھر لبنان کے دارلحکومت بیروت میں امریکی سفارتخانے کے قریب غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ پاکستان بھر میں فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی پر شدید دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

کراچی میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت اسرائیلی جارحیت کیخلاف ریگل سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔جس میں سینکڑوں طلبہ شریک ہوئے ۔ جنھوں نے اسرائیل کے مظالم اور مسلم دنیا کی خاموشی کی سخت مذمت کی۔ کوئٹہ میں بھی اسلامی جمعیت طلبہ اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں طلبا نے شرکت کی ۔

جنہوں نے اسرائیل کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیل کا جھنڈا اور اسرائیلی وزیر اعظم کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ادھر چمن میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام فلسطین پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں سلامی قاری عطاء اللہ مسلم نے کہاکہ ،فلسطین کے نہتے عوام کے قتل عام پر مہزب دنیا اور سیاسی وجمہوری قووتوں کی خاموشی قابل مزمت ہے ۔ملتان میں تحریک تحفظ قبلہ اول کے زیراہتمام غزہ پر اسرائیل جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ پریس کلب ملتان کے سامنے ریلی کے شرکاء نے حکومت پاکستان کی جانب سے امریکی نائب وزیرخارجہ کو ہلال پاکستان کا اعزاز دیئے جانے کی سخت الفاظ میں مزمت کی۔