دہشت گردی کے واقعات گہری سازش ہے،حب وطن قوتوں کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، راؤ سکندر اقبال

منگل 7 اپریل 2009 14:39

رینالہ خورد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء) سابق وفاقی وزیر دفاع راوٴ سکندر اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے دھشت گردی کے واقعات ملکی سلامتی اور خوشحالی کے خلاف گہری سازش ہے جس کو ناکام بنانے کے لئے تمام محب الوطن قوتوں کو پوری یک جہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔چند مٹھی بھر عناصر کے ہاتھوں ملک کے اَمن و سکون کو برباد نہیں کیا جاسکتا ، اِس سلسلہ میں حکومت کو بھی اپنی ترجیحات کا جائزہ لینا چاہئیے۔

اِن خیالات کا اِظہار اُنہوں نے اوکاڑہ میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راوٴ سکندر اقبال نے کہا کہ پاکستان اِس وقت حالت جنگ میں ہے اور وہ مزید کسی بحران کا متحمل بھی نہیں ہوسکتا کیونکہ ہمیں اِس وقت اَندرونی اور بیرونی محاذ پر خطرات کا سامنا ہے جس سے موٴثر طور پر نبرد آزما ہونے کے لئے پوری قوم کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

شدت پسندعناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے ملک کی تقدید سے کھیل رہے ہیں جس پر کوئی بھی محب الوطن پاکستانی خاموش نہیں بیٹھ سکتا کیونکہ ہمیں سب سے پہلے پاکستان کو مقدم رکھنا ہے جس کے لئے ہم بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے بھی تیار ہیں۔سوات کے علاقہ میں سترہ سالہ لڑکی کے ساتھ جو دردناک واقعہ پیش آیا ہے وہ ہمارے معاشرے کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہی بے حسی مذہبی جنونیت اور اِنتہا پسندی کو فروغ دے رہی ہے جس کے باعث پوری دنیا میں ہمارا وقار خراب ہورہا ہے اور بیرونی طاقتیں ہمیں ایک ناکام ریاست قرار دینے کا جواز ڈھونڈ رہی ہیں۔

ضرورت اِس بات کی ہے کہ دھشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث اَفراد یا گروہ کے ساتھ بغیر کسی مصلحت کے سختی کے ساتھ نمٹا جائے اور اُنہیں واشگاف اَلفاظ میں باور کروا دیا جائے کہ ایسے عناصر کے لئے ہماری پاک سرزمین پر کوئی گنجائش موجود نہیں ہے ۔ اِس کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا اور عوام کو بھی اپنا بھرپور کردار اَدا کرنا چاہئے اور اُن عناصر کی ضرور نشاندہی کریں جنہوں نے ہمارے اَمن کو ایک سوالیہ نشان بنارکھا ہے اور وہ ہروقت کسی نہ کسی وَاردات میں ملوث ہیں -