نواز شریف بہت جلد سندھ کا دورہ کریں گے، سید غوث علی شاہ

منگل 7 اپریل 2009 18:37

ٹنڈو الہ یار (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء) نواز شریف بہت جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔ سندھ کی لاکھوں عوام مسلم لیگ (ن) کے قائد انقلاب کے دورے کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ سندھ ومسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ نے مسلم لیگ (ن) سندھ کونسل کے رکن سید عبدالغفور شاہ سے کراچی میں ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب میں روٹی کی قیمت دو روپے سے کم کرکے ایک روپے کرکے پنجاب کی عوام کے دل جیت لئے اسی طرح میاں نواز شریف بھی پنجاب کی عوام کے ساتھ ساتھ ملک کے ہر صوبے کی عوام کی خدمت کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سندھ کا دورہ کرکے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی بحالی کے لئے مسلم لیگ کے قائد انقلاب نواز شریف کاکردار ہمیشہ یاد رکھاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سندھ کے دورے پر سندھ کے مختلف گوٹھوں، شہروں، اضلاعوں اور ڈویژن کا بھی دورہ کریں گے۔