حکومت گندم کا مقررہ ہدف پورا کرے گی، مصنوعی بحران پیدا کرنے کی اجازت گز نہیں دی جائے گی، نذر محمد گوندل

بدھ 8 اپریل 2009 17:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل ۔2009ء) وفاقی وزیر خوراک وزراعت نذر محمد گوندل نے کہا ہے کہ حکومت گندم کا مقررہ ہدف پورا کرے گی اور گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے گندم کا جو بحران پیدا ہوا اس سے عوام بری طرح متاثر ہوئے۔ موجودہ حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اس اہم مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے ملک سے گندم کے بحران کو ختم کیا۔

ملک میں 23 سے 24 ملین ٹن گندم پیدا ہوگی جو کہ ہماری ضرورت سے زیادہ ہے۔ این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے کہا کہ حکومت ملک میں زراعت کے فروغ اور کاشت کاروں کی خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کسانوں خاص طور پر چھوٹے کسناوں کو جس قدر ممکن ہوسکیں سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ چھوٹے کاشتکاروں میں خوشحالی آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کا ذخیرہ کرکے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی بھی شخص کو ذخیرہ اندوزی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت جب بھی برسر اقتدار آتی ہے اس نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی کوشش کی ہے اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایات پر پارٹی کے تمام وفاقی صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کھلی کچہریاں منعقد کررہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو فوری طور پر حل کرکے عوام کو ریلیف دی جائے۔

پیپلز پارٹی کو جب اقتدار ملا تو اس وقت ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر تھی صدر آصف زرداری کی کوششوں سے تباہ حال معیشت میں بہتری آئی ہے اور انشاے اللہ اس میں تیزی سے بہتری آئے گی۔ حکومتی اقدامات سے ملک کی معیشت جلد مضبوط ومستحکم ہوگی۔