سوات کا معاملہ اسمبلی میں پیش کریں گے، وزیراعظم گیلانی، بلوچستان میں ڈرون حملے نہیں ہوں گے اور موجودہ ڈرون حملے بھی کسی کیلئے فائدہ مند نہیں، ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو۔ اپ ڈیٹ

ہفتہ 11 اپریل 2009 18:29

سوات کا معاملہ اسمبلی میں پیش کریں گے، وزیراعظم گیلانی، بلوچستان میں ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل ۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان سے کراچی تک موٹروے کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ میں عوام کے نمائندے کریں گے ۔ ڈرون حملوں کی پالیسی منفی ہے اس کے نتائج اچھے نہیں ۔ نوازشریف سے ملاقات میں حکومتوں میں شمولیت کے امور پر بات چیت ہوگی ۔ دہشت گردی کے موجودہ حالات میں پاکستان کی خطے میں اہمیت ہے ۔

امریکہ پاکستان کو تنہا چھوڑ سکتا اور نہ ہی اہمیت کو نظر اندازکر کے بھارت کی جانب جھکاؤ کر سکتا ہے ۔ سوات امن معاہدے کو پارلیمنٹ میں لایا جائیگا ۔ پارلیمنٹ جو فیصلہ کرے گی سب کو قابل قبول ہوگا ۔ بلوچ رہنماؤں کا قتل قابل مذمت ہے ۔ معاملہ کی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جلد آ جانی چاہئے ۔وہ ہفتہ کو یہاں ملتان ایئرپورٹ کے توسیع ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں اخبارنویسوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں مقامی رہنماؤں کا قتل ہو یا کوئی اور معاملہ تمام امور اسمبلی میں لائیں گے تاکہ پارلیمنٹ میں عوامی نمائندے ہی فیصلے کریں۔ہم دیکھیں گے کہ پارلیمنٹ کیا پیغام دینا چاہتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں کہا تھا کہ بلوچستان میں بغیر پائیلٹ طیاروں کے حملے نہیں ہوں گے جہاں تک دوسرے علاقوں کا تعلق ہے تو ہمارا موقف یہی ہے کہ ڈرون حملے منفی پالیسی ہیں ان کا کوئی فائدہ نہیں ۔

ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ ہم بلوچستان میں مقامی رہنماؤں کے قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں ۔ عدالتی کمیشن تحقیقات کیلئے بنا دیا گیا ہے توقع ہے کہ وہ جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف سے ملاقات میں حکومتوں میں ایک دوسرے کی جماعتوں کی شمولیت کے بارے میں فیصلہ ہو گا۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ میرا دل چاہتا تھا کہ اس تقریب میں پورے ملتان کو دعوت دیتا کیونکہ یہ ایئرپورٹ کی توسیع کا منصوبہ پورے ملتان کیلئے ایک تحفہ ہے ۔ ہم مدینة اولیاء کی ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے جن لوگوں نے اس توسیعی منصوبے کیلئے زمین دی اور جس قسم کا بھی تعاون کیا اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور اس ایئرپورٹ کی توسیع پر میں پورے ملتان کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔

انہوں نے اعلان کیاکہ ملتان سے کراچی تک موٹر وے تعمیر کیا جائے گا جس سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان طلبا کے بارے میں جو بات کی گئی ہے اس سلسلے میں میں صرف یہ کہوں گا کہ جب تک اس معاملے کی انکوائری رپورٹ موصول نہیں ہو جاتی اس وقت تک میں کسی ثبوت کے بغیر کوئی تبصرہ نہیں کرونگا۔

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایک سوا ل کے جواب میں کہا کہ میں نے کہا تھا کہ بلوچستان میں ڈرون حملے نہیں ہونگے تاہم جہاں تک دوسرے صوبوں کا تعلق ہے ان کے بارے میں بھی امریکہ کواپنا لائحہ عمل تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ بلوچستان میں بلوچوں کے قتل کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ اس معاملہ کی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جلد آ جانی چاہئے۔

بعدازاں انہوں نے سٹیٹ بینک آڈیٹوریم میں ایک بار پھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت ۔ افغانستان اور ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور بہتر تعلقات خواہاں ہیں۔ انہوں نے ایک اورسوال کے جواب میں کہا کہ سوات امن معاہدہ پر صدرآصف علی زرداری ، میں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سب متفق ہیں اور ہم اس معاملہ پر پارلیمنٹ کی رائے لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اوردہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے اور امریکہ سے ملنے والی امداد دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے استعمال ہورہی ہے اور پاکستان اپنی خود مختاری اورآزادی پرکسی سے کوئی سودے بازی نہیں کر سکتا انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے اور وہ اب بھی مثبت بات کر رہے ہیں اور میں نے شہباز شریف سے بات کی ہے۔

میری اور نواز شریف کی ملاقات کے بارے میں جو جلد ہونے کا امکان ہے میں اس ملاقات میں نواز شریف کو پیپلز پارٹی کے موٴقف کو چیئرمین کے پیغام سے آگاہ کروں گا۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بلا رہے ہیں اور میری ان سے ملاقات میں گندم کی خریداری میں مڈل مین کے رول کو ختم کرانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

کسانوں کوگندم کی امدادی قیمت 950روپے ہی دلوائیں گے اور سندھ میں گندم کی خریداری کم قیمت پرہونے کا نوٹس لیاجا ئیگا تاکہ کاشتکاروں کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملتان کو بگ سٹی قرار دلوانے کیلئے میری وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے بات ہو چکی ہے اور ملتان پیکج کے سلسلے میں تمام ترقیاتی کاموں پر اب کام شروع ہوتا دکھائی دے گا۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ صحافی کالونی کے معاملات حل ہوتے ہی میں ملتان کے صحافیوں کے لئے خصوصی گرانٹ جاری کروں گا۔ انہوں نے ایک اورسوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کی جانب سے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کوتبدیل کرنے کیلئے ہم پر کوئی دباؤ نہیں اورانکی تبدیلی ہماری پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اب میں صحافیوں کو بیرونی دوروں پر نہیں لے جا رہا کیونکہ جب میں لے کرجارہا تھا تو اخباروں میں میرے متعلق بہت کچھ لکھا گیا۔

اب تومیں خود کمرشل فلائٹ پر سفرکرتا ہوں۔قبل ازیں ملتان ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ بہتر سفری اور تجارتی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے اس موقع پرعوام کومبارکباد دی اورکہا کہ جنوبی پنجاب میں خطے کو جنوبی پنجاب میں بہتر سفری سہولیات ملیں گی۔

تجارت کو نئی تجارتی منڈیاں ملیں گی۔ جدید سہولیات سے آراستہ ائیر پورٹ بننے سے روز گار کے مواقع ملیں گے۔ زراعت اور پھلوں کو ایکسپورٹ کرنے میں مدد ملے گی۔ معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعظم نے ملتان کو پانچ ہزار سال پورانہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تاریخ سے دنیا کو آگاہی ہو گی۔ سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔ملتان فیصل آباد موٹروے کا آغاز پہلے ہی ہوچکا ہے اور اب ملتان کراچی موٹروے منصوبے کا اعلان کرتا ہوں تاکہ یہاں کے تاجروں کو کراچی تک اپنے سامان کی ترسیل میں آسانی ہو۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل اطہر علی نے کہا کہ ملتان ایک تاریخی اور ثقافتی شہر ہے۔ائیر پورٹ کو جدید بنائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن جنید امین نے ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے سے متعلق سپاس نامہ پیش کیا انہوں نے بتایا کہ 1940میں ملتان ائیر پورٹ بنایا گیا تھا۔ نئے توسیعی منصوبے سے 737 ، 747 ، 777اور ائیر بس اتر سکیں گی۔ ساڑھے چار ارب کی لاگت آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ائیر پورٹ کو بند نہیں کیا جارہا یہاں پر توسیعی منصوبہ پرکام جاری رہے گا اور اے ٹی آر جہازوں کی آمد ورفت کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ بعدازاں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ساؤتھ پنجاب ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ملک خواتین کو ترقی کے عمل سے باہر رکھ کر ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات تشویش ناک ہے کہ پاکستان میں صرف 20فیصد سے بھی کم خواتین کی بزنس کے شعبے میں شرکت ہے جبکہ اس کے مقابلے میں بنگلہ دیش اوردیگرممالک کہیں آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کوآگے لے کر خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی تاریخ میں بنائے جانے والے پہلے خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیلئے 20ملین کی امداد کا اعلان کیا۔ اس موقع پر صدر SWCCI انیلہ افتخار نے سپاس نامہ پیش کیا۔ تقریب سے سارک چیمبر آف کامرس کے صدر طارق سعید، وائس چیئرمین افتخار علی ملک اور چیئرمین محب اللہ شاہ نے بھی خطاب کیا۔ سارک ممالک کے درمیان خواتین کو بزنس میں رسائی کیلئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعدازاں وزیراعظم نے مختلف ممالک میں پاکستان کی مصنوعات کو ٹریڈنگ کرنے میں بہترکردارادا کرنے پر خواتین میں اعزازی شیلڈز دیں۔ ان میں زاہدہ فاروق ، نیلم رحیم ، نجمہ افتخار ، حمیرا زاہد ، خوشنود نعیم ، معصومہ شعیب ، رباب محمود ، کوثر پروین ، شمشاد بیگم ، عنبرین عباس ، حمیرہ بتول ، آمنہ خان ، فوزیہ وقاص ، رابعہ شہزاز ، قراة العین ، ثیرت فاطمہ ، نسیم زاہد اورعطرت مجتبیٰ گیلانی کو اعزازی شیلڈز دیں۔

وزیر اعظم کے ملتان پہنچے پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ائیر پورٹ پر تقریب کے لئے جو پنڈال بنایا گیا تھا اس کو ائیر کنڈیشنڈ کیا گیاتھا۔ وزیراعظم نے ملتان پہنچ کر ائیر پورٹ لاؤنج میں ملتان کے ترقیاتی پیکج کے حوالے سے خصوصی بریفنگ لی۔ کمشنر محمد علی گردیزی نے انہیں ترقیاتی کاموں کے جاری عمل پر خصوصی بریفنگ دی۔شہر کے داخلی راستوں پرانتہائی سکیورٹی سخت کی گئی وزیر اعظم کے روٹ پر ٹریفک جام رکھا۔ اڑھائی ماہ بعد وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اپنی رہائش گاہ پرگئے جہاں انہوں نے اپنے عزیز واقارب اور رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر جلال پور پیر والا سے آگے ایمن والا پل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے چلے گئے۔