ٹائم فریم میں بینچ نہ بنواسکے تو میں اوررانا ثنااللہ مستعفی ہو جائیں گے، سینئر وزیر راجہ ریاض احمد

ہفتہ 16 مئی 2009 20:45

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی ۔2009ء) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ بینچ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر کا حق ہے ۔اگر ٹائم فریم میں بینچ نہ بنواسکے تو میں اوررانا ثنااللہ مستعفی ہو جائیں گے ۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد میں ڈویژنل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت بڑی آبادی اور ریونیو دینے والا فیصل آباد ریجن دہلیز پر سستے انصاف سے محروم ہے وزیر اعظم گیلانی بھی اس کے حق میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تیس مئی کو صوبائی وزیر رانا ثنااللہ کے ہمراہ میں فیصل آبادبار کا دورہ کروں گا اور بینچ کے قیام کے لیے ٹائم فریم دیں گے اگر اس میں ناکام رہے تو ہم مستعفی ہو جائیں گے ۔ اس موقع پر سٹی ڈسٹرکٹ ناظم رانا زاہد توصیف نے اعلان کیا کہ بینچ کے قیام کی صورت میں ضلعی حکومت صرف چھ روز میں بلڈنگ کا انتظام کر دے گی ۔

(جاری ہے)

جبکہ آئندہ مالی سال میں اس کے لیے بجٹ میں دس کروڑ روپے کی رقم مختص کی جائیگی ۔

خالدہ منصور ایم این اے نے کہا کہ جس طرح وکلاء نے مشرف آمریت کو رخصت کیا اور عدلیہ بحالی کی منزل حاصل کی اسی طرح دہلیز پر انصاف کی منزل بھی حاصل کر لی جائے گی ۔سید عنایت علی شاہ ایڈووکیٹ ایم این اے چنیوٹ نے کہا کہ اس مطالبے کی تکمیل تک مکمل جدو جہد کی جائے گی ۔سابق ایم این اے چوہدری صفدر الرحمن صدر پاکستان مسلم لیگ ن ضلع فیصل آباد نے کہا کہ دونوں برسر اقتدار پارٹیاں اخلاص سے اس بنیادی مسئلے کو حل کریں اس سلسلہ میں انہیں اپنی پارٹی سے بغاوت بھی کرنی پڑی تو کریں گے ۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خلیل طاہر سندھو ایڈووکیٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت اصولی طور پر اس سے متفق ہے جبکہ رانا ثنااللہ خاں اس ایشو میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ارکان اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری ،طارق محمود باجوہ ،مسز انجم صفدر،میجر عبدالرحمن ،مسز محمود الحسن ڈار ،خواجہ محمد اسلام ،رائے اعجاز احمداور جسٹس (ر)احمد سعید اعوان کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ،تاندلیا نوالہ ،جڑانوالہ ،چنیوٹ ،کمالیہ ،شور کوٹ ،اورڈویژن کی دوسری بارزکے عہدیدران ، پروفیشلزم فورم کے ڈاکٹر طفیل محمد ،تاجر نمائندہ محمد اشرف گاندھی ،صدر تحریک انصاف سجاد حیدر خاں ،ٹاؤن ناظم ندیم آفتاب سندھو،صدر بار میاں منصور علی ،نائب صدر میاں رفعت قادری اور سیکرٹری سیف الرحمن بھٹی نے خطاب کیا جبکہ صدر انجمن تاجران سٹی شیر گروپ میاں رضوان صدیق ،وحید رامے ،فیضر نواز فیضی ،شیخ محمد عارف ،چوہدری محمد اصغر ،نجیب نواز خاں،سردار محمد اختر جی ایم ڈرائی پورٹ ،میاں فاروق حنفی ادارہ منہاج القرآن ،فیض محی الدین گوگا ،صائمہ چوہدری ،ڈاکٹر عبدالستار قریشی ،قاری محمد افضل قادری ،شاہد علی صدر پریس کلب ،خالد پرویز شیخ ،افتخار احمد،مفتی عبدالشکور رضوی صدر جے یو پی فیصل آباد نے بھی کنونشن میں شرکت کی ۔

اس موقع پر تیس مئی کو فیصل آباد بار کی طرف سے ڈویژنل کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا جس میں راجہ ریاض احمد اور رانا ثناللہ خصوصی شرکت کریں گے ۔