لوک سبھا نتائج:کانگریس اور ااسکے اتحادیوں نے واضح برتری حاصل کر لی

ہفتہ 16 مئی 2009 21:26

لوک سبھا نتائج:کانگریس اور ااسکے اتحادیوں نے واضح برتری حاصل کر لی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی۔2009ء)بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق کانگریس اور اس کے اتحادی یونا ئیٹد پروگریسوو الائنس نے واضح برتری حاصل کر لی ہے اور سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ من موہن سنگھ ہی بھارت کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے ۔ کانگریس اور اسکی اتحاد ی جماعتوں نے دوسو ستاون نشتیں جیت لی ہیں، انہیں حکومت سازی کے لیے مزید تیرہ ووٹ درکار ہیں۔

جبکہ بی جے پی اور اسکی اتحادی جماعتیں ایک سو اکسٹھ نشستیں حاصل کرسکیں۔ بائیں بازو اور مقامی جماعتوں کے اتحاد تھرڈ فرنٹ کو ایک سو آٹھ نشستیں ملی ہیں۔ ادھر کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنائے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کے آئندہ وزیراعظم من موہن سنگھ ہی ہوں گے ۔

(جاری ہے)

نئی دلی میں جلسے سے خطب کے دوران انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج بھارتی ووٹرز کی دانشمندی کا ثبوت ہیں ۔

اس موقع پر من موہن سنگھ نے خطاب میں کہا کہ راہول گاندھی کو کابینہ کا حصہ ہونا چاہیئے ۔ دوسری جانب بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان نے نئی دلی میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ وہ حکمراں اتحاد کی برتری تسلیم کرتے ہیں۔این ڈی اے کیلئے انتخابی نتائج مایوس کن ہیں۔بھارت کے مختلف شہروں میں کانگریس کے حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا ہے ۔