شمالی کوریا کا 3 میزائلوں کا تجربہ،شمالی کوریا کے خلاف جوابی اقدامات کئے جائیں، عالمی برادری ۔اپ ڈیٹ

پیر 25 مئی 2009 17:17

شمالی کوریا کا 3 میزائلوں کا تجربہ،شمالی کوریا کے خلاف جوابی اقدامات ..
سیول(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2009ء)شمالی کوریا نے دوسرے ایٹمی دھماکے کے بعد تین میزائلوں کے تجربات کئے ہیں۔ امریکا سمیت عالمی برادری کا کہناہے کہ پیانگ یانگ کے خلاف جوابی اقدامات کئے جائیں۔ جبکہ صورتحال پر غور کیلئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہورہاہے ۔ جنوبی کوریا کی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے آج کم فاصلے پر مارکرنے والے تین میزائلوں کا تجربہ کیا۔

اس سے پہلے علی الصبح دوسرا ایٹمی تجربہ کیا گیا۔ جاپان کا کہناہے کہ دوسرے دھماکے کی شدت دوہزار چھ میں کئے جانے والے پہلے دھماکے سے کئی گنا زیادہ تھی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون، امریکی صدر براک اوباما، یورپی خارجہ پالیسی کے سربراہ ہاویئر سولانہ، جرمنی اور دیگر یورپی ممالک نے پیانگ یانگ کے ایٹمی اور میزائل تجربات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کو شمالی کوریا کے خلاف اقدامات کرنے ہونگے ۔

(جاری ہے)

کیونکہ شمالی کوریا عالمی امن اور سیکورٹی کیلئے خطرہ بن گیاہے ۔ روس نے بیان میں زور دیاکہ شمالی کوریا کے تجربات پر عالمی برادری صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے ۔ اس تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتاہے ۔ دوسری جانب جاپان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہورہاہے ۔ جس میں شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل تجربات کے بعد پیدا ہونے والے صورتحال پر غور کیا جائے گا۔