بینظیر بھٹو قتل کیس، اقوام متحدہ کا کمیشن آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گا

بدھ 8 جولائی 2009 14:43

بینظیر بھٹو قتل کیس، اقوام متحدہ کا کمیشن آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جولائی ۔2009ء) پاکستان کی سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کا قائم کردہ کمیشن اگلے ہفتے پاکستان پہنچے گا۔ اقوام متحدہ کے ذرائع نے بتایا کہ اقوام متحدہ میں چلی کے سفیر ہیرالڈو مونواز کی سربراہی میں قائم تین رکنی تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس گزشتہ روز یہاں یو این ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا، جس میں محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے حوالے سے صلاح و مشورہ اور متعلقہ دستاویزات کا مطالعہ کیا گیا۔

کمیشن کے ارکان نے عینی شاہدین کی فہرست بھی دیکھی جن کو پاکستان میں قیام کے دوران انٹرویو کیلئے طلب کیا جا سکتا ہے۔ کمیشن کے دوسرے دو اراکین میں انڈونیشیاءکے اٹارنی جنرل مرزوکی دارعثمان اور آئر لینڈ کے سابق ڈپٹی پولیس کمشنر پیٹر فٹز جیرالڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پیٹر فٹز جیرالڈ سابق لبنانی وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کی تحقیقات کرنے والی ابتدائی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

گزشتہ ہفتے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق تحقیقاتی کمیشن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کی تفتیش کے دوران اصل حقائق اور وجوہات تلاش کرے گا۔ تحقیقاتی کمیشن اپنے کام کے آغاز کے بعد 6 ماہ کے اندر تفتیش مکمل کرکے رپورٹ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پیش کرے گا۔ تحقیقاتی کمیشن کی 6 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بنیادی امور کی ہمواری کیلئے پہلے ہی پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔