فیصل آبادمیں فائرنگ، باپ بیٹے سمیت 5افراد ہلاک،لواحقین کا احتجاج

جمعہ 10 جولائی 2009 17:38

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی ۔2009ء) فیصل آباد میں پرانی دشمنی کی بناء پر پانچ افراد کو ڈرائی پورٹ کے قریب فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا ۔مرنے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق چک جھمرہ کے رہائشی محمد حسین اور اس کا بیٹا ذوالفقار اپنے ساتھیوں عاشق باجوہ  محمد نعیم اور عمران کے ہمراہ ایک مقدمے کے سلسلے میں عدالت میں حاضری کے لیے فیصل آباد جا رہے تھے کہ ڈرائی پورٹ کے قریب ان کے مخالف باجوہ گروپ کے افراد جو کہ ایک دوسری گاڑی میں سوار تھے انہوں نے فائرنگ کر دی جس کے زد میں آکر پانچوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پانچ افراد کی ہلاکت کے خلاف چک جھمرہ کے رہائشی افراد نے احتجاجاً فیصل آباد لاہور ریلوے سیکشن کو بند کر دیا ،جس پر اس علاقے میں پولیس کی ریزرو فورس کو طلب کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کئی گھنٹے بس سروس اور ریلوے ٹریفک معطل کئے رکھی ورثا میتوں کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے لے جانا چاہتے تھے مگر انتظامیہ نے ایمبو لینسوں کو سول ہسپتال میں بند کر دیا اور ڈورائیوروں کو بھگا دیا ۔

مرنیوالوں کا تعلق نواحی گاوٴں ایک سو سات ج ب پہاڑنگ سے ہے۔ سی پی او نے بتایا ہے کہ مرنیوالوں کے قبضے سے بھی بھاری تعداد میں غیر لائسنسی اسلحہ ملا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتی ہے واضح رہے کہ مقتول گروپ کے سکول ٹیچر افضل باجوہ کو ڈیڑھ سال جبکہ بشارت باجوہ کو چھ ماہ قبل قتل کر دیا گیا تھا مقتول گروپ کے تقریباً ایک درجن افراد ہلاک ہو چکے ہیں باجوہ گروپ کے سربراہ مختار احمد باجوہ یونین ناظم ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں بند ہیں ان کے گروپ کے متعدد افراد کے سر کی قیمت مقرر کی گئی ہے رات گئے تک کشیدگی برقرار رہی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر پولیس نے انٹرپول کے ذریعے مختار باجوہ کے بھتیجے فاد کو دوبئی سے گرفتار کرایا ہے ۔