امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک کی مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات، دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اتوار 16 اگست 2009 16:35

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک کی مسلم لیگ ن کے قائد میاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست ۔2009ء) امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاںمحمد نواز شریف سے ملاقات کی ،جس میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوںپر اتفاق کیا گیا ۔ پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما شہبازشریف ، چوہدری نثاراحمدخان ، اسحاق ڈار اور پاکستان میں تعینات امریکی سفیر راین ڈبلیو پیٹرسن بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ،سوات متاثرین کی بحالی اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں درپیش توانائی کے بحران سے نمٹنے میںمدد کی جائے جس پر رچرڈ ہالبروک نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جانب سے رچرڈ ہالبروک کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا ، جس کے بعد نواز شریف اور رچرڈ ہالبروک کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی ۔

رچرڈ ہالبروک آج پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے ۔ رچرڈ ہالبروک کی جانب سے آج امریکی ایمبیسی میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس میں مختلف سیاسی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے ۔