خیرپور---آل پاکستان خواجہ سراء ایسوسی ایشن کے قیام کی تقریب میں بڑی تعداد میں خواجہ سراؤں کی شرکت،چیف جسٹس نے ہمیں بنیادی حقوق دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا‘میڈیا کا کردار بھی قابل تحسین ہے‘صنم فقیر کی پریس کانفرنس

منگل 29 ستمبر 2009 12:22

خیرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔29ستمبر 2009 ء) آل پاکستان خواجہ سراء ایسوسی ایشن کے قیام کی ایک تقریب خیرپور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں صنم فقیر سوشل ویلفیئر رجسٹرڈ کے بانی و چیئرمین صنم فقیر آف سکھر‘ کوئٹہ سے عروسہ‘ مس ہنوج‘ نرگس‘ مس شہلا خان‘چکوری‘ گھوٹکی سے خالقو فقیر‘ لاڑکانہ سے مس سلمی‘ چاندنی‘ وہاڑی پنجاب سے ریما لعل‘ نادیہ سمیت ملک بھر بڑی تعداد میں خواجہ سراؤں نے شرکت کی- اس موقع پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صنم فقیر نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ان کے بنیادی جائز حقوق عزت نفس اور جینے کے حقوق دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آج ہم سر اٹھا کر جی رہے ہیں- کرکٹ میچز سمیت تمام عام آدمیوں جیسے پروگرام منعقد کررہے ہیں پہلے ہمیں اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا تھا چیف جسٹس سے انصاف ملنے کی بدولت حق کیلئے اور ووٹ ڈالنے کی آواز بلند کر سکتے ہیں موجودہ حکومت کا بھی ہمارے ساتھ اچھا تعاون ہے بہت جلد آل پاکستان خواجہ سراء ایسوسی ایشن کا اجلاس بلوا کر تنظیمی باڈی کا اعلان کر دیا جائے گا-درد بھری آواز میں صنم فقیر نے کہا کہ ہم بھی کسی ماں کے لعل اور جگر ہیں اور کسی کے گھر کے چراغ ہم اپنے غم کو بھلا کر دوسروں کو خوشیاں فراہم کرتے ہیں ہر گھر میں خوشی کا سماں ہو کی دعا کرتے ہیں اس لیے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ انسانیت والا برتاؤ و سلوک کریں-ایک سوال کے جواب میں صنم فقیر نے بتایا کہ خواجہ سراء کی بڑی تعداد تعلیم یافتہ ہے جو باعزت روزگار کے متلاشی ہیں وفاقی وسندھ حکومت خواجہ سراؤں کیلئے شیلٹر ہاؤس بنائے جہاں سلائی کڑھائی سمیت تمام شعبوں کے فنی شعبے قائم ہوں اور جو یافتہ ہیں انہیں سرکاری محکموں میں ملازمتیں دی جائیں تاکہ ہم باعزت طریقے سے روزگار حاصل کر کے خوشحال زندگی بسر کر سکیں انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ہر وقت ان کا ساتھ اور تکلیف دور کرنے میں پٹرول دستے کا کردار ادا کیا ہے میڈیا کا اقدام قابل تحسین ہے-