GHQ حملہ، بریگیڈئیر انوار الحق، کرنل وسیم فوجی اعزازات کیساتھ سپردخاک

اتوار 11 اکتوبر 2009 17:44

GHQ حملہ، بریگیڈئیر انوار الحق، کرنل وسیم فوجی اعزازات کیساتھ سپردخاک
راولپنڈی+صوابی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر۔2009ء) راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈ کواٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے بریگیڈیئر انوار الحق کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان راولپنڈی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ بریگیڈئیر انوار الحق شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی سمیت اعلی فوجی اور سول حکام ، شہید کے عزیز و اقارب اور دوست احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعد میں شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

شہید بریگیڈیئر انوار الحق سپریم کورٹ کے جج جسٹس خلیل الرحمن رمدے کے عزیز تھے۔ نماز جنازہ میں جسٹس رمدے نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر ایرمی قبرستان اور اطراف کے علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کے شہید لیفٹیننٹ کرنل وسیم کی قبر پر پاک فوج کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

پاک فوج کے شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد وسیم کی قبر پر آرمی چیف ، صدر مملکت اور رجمنٹ کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔صوابی کے علاقے پنج پیرسے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد وسیم نے ہفتہ کے روز جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں دہشت گرودں کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہید کو گزشتہ روز ان کے آبائی گاوں صوابی میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیاتھا۔

متعلقہ عنوان :