شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کی اقوام متحدہ سے تحقیقات مکمل کرلی گئی ‘ عبداللہ حسین ہارون، ملکی حالات کے پیش نظر اسے پیش نہیں کیا گیا‘صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 14 نومبر 2009 17:45

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2009ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور جنرل اسمبلی کے نائب صدر عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کی اقوام متحدہ سے کرائی جانے والی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے اور ملکی حالات کے پیش نظر اسے پیش نہیں کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ٹنڈوا محمد خان ٹنڈو سائینداد میں پیر احمد سعید جان سرہندی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر مقامی صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔

عبداللہ حسین ہارون نے کہاکہ آنے والے وقتوں میں آبی ذخائر کی قلت ہو جائے گی اور سندھ کے اندر پانی کی قلت پیدا ہو جائے گی حکومت کو چاہئے کہ دریائے سندھ سے کینال کراچی سے سکھر تک نکالی جائے تاکہ دیگر ممالک کی طرح نمکین پانی کو فلٹر کرکے میٹھا کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے گلگت میں الیکشن کروا کر عوام کو ایک نئی راہ دکھائی ہے جس سے وہاں کی عوام کو بنیادی سہولتیں مل سکیں گی۔

انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ کشمیر کے معاملے سے دستبردار ہو جائے جبکہ وہاں پرآبادی مسلمانوں کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ این آر او پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے اعتراضات کئے اور یہ مسئلہ آئین کے تحت سپریم کورٹ حل کرے گی اس موقع پر پیر احمد سعید جان سرہندی‘ پیر سرمد جان سرہندی‘ سعود احمد فا روقی‘ پیر ولی جان‘ پیر نثار جان‘ مشتاق پٹھان اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :