قومی مالیاتی ایوارڈ پراتفاق رائے صوبائی خودمختاری کی طرف اہم پیشرفت ہے،رہنماء ن لیگ

پیر 14 دسمبر 2009 15:53

پیرمحل ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 14دسمبر۔ 2009ء) قومی مالیاتی ایوارڈ پراتفاق رائے صوبائی خودمختاری کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے، قومی مالیاتی ایوارڈ کی منظوری سے صوبائیت اورمنافرت کی بھڑکتی آگ بجھ جائے گی ،چاروں صوبوں کے درمیان اتفاق اوراتحاد کی فضا قائم ہونے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا ان خیالات کا اظہار عصمت اللہ ٹیپو صوبائی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے بیان میں کیاانہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف پنجاب سمیت چاروں صوبوں کے عوام کی امیدوں کا محور ہیں ،ان کے مثبت رویے سے قوم کوایک مدت بعدکوئی خوشخبری ملی میاں شہبازشریف ذمہ داری نہ لیتے تو شاید قومی مالیاتی ایوارڈ پرپنجاب اپنے مفادات کی قربانی نہ دیتا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اورمیاں شہبازشریف وفاق کے علمبردار ہونے کی حیثیت سے چاروں صوبوں کومتحد اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کی طرح پنجاب نے ہمیشہ قومی معاملات پر لچک دکھائی ہے اور بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پنجاب اناج کا گھر ہے اور ملک میں غذا کا تقریباپچھتر فیصد مہیا کر نے کے علاوہ تقریبا ساٹھ فیصد افرادی قوت کا تعلق بھی پنجاب سے ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بننے والی مصنوعات کا تقریبا ساٹھ فیصد پنجاب کے لوگ ہی خریدتے ہیں ۔اور بیرون ملک سے کثیر زر مبادلہ بھیجنے والی اکثریت کا تعلق بھی اسی صوبے سے ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے اس صوبے میں اب تک کوئی بڑا ڈیم نہیں بننے دیا گیا۔ لہٰذا جس طرح پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم پر دوسرے صوبوں کے مطالبات مانے اسی طرح دوسری صوبائی حکومتیں بھی خصوصی طور پرپی پی پی سے تعلق رکھنے والی سندھ حکومت اور اے این پی سے تعلق رکھنے والی سرحد حکومت پنجاب پر رحم کریں اور کالا باغ ڈیم بننے دیں تاکہ سمندر میں ضائع ہونے والے پانی کو سٹور کیا جا سکے اور بجلی کی پیداوار بڑھا کر پورے ملک میں سستی اور وافر بجلی مہیا کی جاسکے اور پانی کے ضیاع کو روک کر ملک کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :