پیپلز پارٹی عوام کو روز گار دینے کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

اتوار 20 دسمبر 2009 18:06

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20دسمبر۔ 2009ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کو روز گار دینے کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے ہر دور میں بیروزگار نوجوانوں میں روزگار فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے ،ہم کھوکھلے نعروں یا جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی کام کرنے والے لوگ ہیں، پیپلز پارٹی طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی جب بھی برسر اقتدار آئی ہے ،اس نے ملک میں عوام کو روزگار دیا اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا،ہماری کوشش ہے کہ شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کی چھوڑے ہوئے مشن کو مکمل کرتے ہوئے ترقیاتی عمل گھر گھرپہنچائیں اور تمام اضلاع، تعلقوں اور یو نین کونسلوں کی سطح تک جا کر عوام کے مسائل معلوم کریں اور انہیں حل کریں، تاکہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے اپنے حلقے کے منتخب نمائندوں کو ملنے کراچی یا اسلام آباد نہ جانا پڑے بلکہ منتخب نمائندے عوام کی دہلیز پر انہیں ریلیف فراہم کرینگے،وہ پیپلز پارٹی سکھر سٹی کے صدر مشتاق سرہیو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع کے اُن دیہاتوں میں جہاں بجلی ، گیس اور دیگر سہولتیں موجود نہیں ہے وہاں حکومت یہ تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد کا بنیادی مقصدعوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کی فراہمی ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک بھٹو خاندان نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کیلئے جو مثالی جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا اس پر ملک بھر کی عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور محترمہ بینظیر بھٹو کی یہ خواہش تھی کہ ملک کی غریب عوام کو رہنے کیلئے چھت فراہم کی جائے اور عوام کو صحت، تعلیم سمیت دیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ان کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حکومت نے ٹھوس بنیادوں پر حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے تحت حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے منصوبوں سے غریب عوام کو ریلیف ملے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ میں مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بیروزگار ہیں جسکا حکومت کو احساس ہے اور حکومت نے اس بیروزگاری کو ختم کرنے کیلئے جو منصوبہ بندی کی ہے اس کی مثبت نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے عہدیدار اور کارکن اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں تاکہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ہو تاکہ نجی شعبے میں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں ، حکومت سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی شعبوں میں بھی بہتری لانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے تاکہ سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی اداروں میں بھی بیروزگار اہل وباصلاحیت نوجوانوں کو روزگار فراہم ہو اور سندھ سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو۔