ہماری جماعت این آر او، چینی چوروں اور قرضے معاف کرانے والوں میں شامل نہیں، چوہدری شجاعت حسین

اتوار 20 دسمبر 2009 22:33

دادو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20دسمبر۔ 2009ء) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آتے ہی ہمارے تمام رہنماؤں پر طرح طرح کے حربے استعمال کرکے پھنسانے کی کوشش کی گئی۔ ہماری جماعت این آر او، چینی چوروں اور قرضے معاف کرانے والوں میں شامل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ق کے صدر نے دادو کے نواحی گاؤں علی پور میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ق وفاق کی علامت اور پاکستان کی خالق جماعت ہے۔ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہم نے مسلم لیگ ن سے زیادہ ووٹ لے اور مخالفین کو منہ کی کھانی پڑی۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہم این ایف سی ایوارڈ اور بلوچستان پیکیج کو خوش آمدید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کے ہر مثبت اقدامات کی ہم حمایت کرینگے۔

ہم نے کیری لوگر بل اور این آر او کی پارلیمنٹ سے منظوری کی مخالفت کی۔ این آر او ایک معاہدہ تھا۔ بینظیر بھٹو اور صدر مشرف کے درمیان اقتدار کی جنگ میں محترمہ شہید ہوگئیں۔ صدر مشرف نہیں رہے۔ اب این آر او بھی ختم ہوچکا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہماری جماعت سمیت جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا غیر جانبدار ادارہ ہونا چاہئے ۔ این آر او کے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ اچھا فیصلہ ہے۔ عدلیہ بلا امتیاز عوام کی خدمت کیلئے سر انجام دے گی۔ سینیٹر ایس ایم ظفر نے کہا کہ حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے۔ عدلیہ کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :