ہاکی کھلاڑیوں کی ارجنٹائن میں موج مستیاں، اُردوپوائنٹ کی رپورٹ پرقومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے کھیل نے سخت نوٹس لے لیا،ہاکی فیڈریشن کی وضاحت نہیں مانتے،کھلاڑیوں کی حرکات سے پوری قوم کا سرشرم سے جھک گیا، تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرائیں گے،جمشید دستی

بدھ 23 دسمبر 2009 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 23دسمبر۔ 2009ء) اُردوپوائنٹ کی رپورٹ پرایکشن لیتے ہوئے قائمہ کمیٹی برائے کھیل نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ارجنٹائن کے ڈسکومیں موج مستیاں کرنے کا سخت ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کرنے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین جمشید دستی نے کہاکہ کھلاڑیوں کے اس اقدام سے پوری قوم کا سرشرم سے جھک گیا ہے ، ایسی حرکات تو یورپیئن کھلاڑی بھی نہیں کرتے انہوں نے شرمناک واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک ہفتے میں کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ۔

جمشید دستی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی وضاحت کو نہیں مانتے کیونکہ کھلاڑیوں کی شرمناک حرکات سے پوری قوم کی بے عزتی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ایسے واقعات پیش آتے رہے ہونگے لہذا ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرائیں گے۔جمشید دستی نے کہاکہ کوچز اور ٹیم منیجر آصف باجوہ کی ٹیم پرگرفت مضبوط نہیں ہے اور ان لوگوں کی تبدیلی ناگریز ہوچکی ہے۔