سازشی ٹولے کو ایوان صدر میں بیٹھنا برداشت نہیں ہو رہا، صدر زرداری، آئندہ تین برسوں میں روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر سو فیصد عمل ہو جائے گا، پاکستانیوں کو بجلی، گیس اور سستا تیل دستیاب ہو گا، جلسے سے خطاب

پیر 18 جنوری 2010 17:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔18جنوری۔ 2010ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سازشی عناصر کو پہلے کی طرح پھر سیاسی طور پر کچلیں گے، نئے انتخابات ہم خود کرائیں گے اور پھر برسراقتدار آئیں گے۔ فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سازشی عناصرکو تکلیف یہ ہے کہ عوام کا صدر اسلام آباد میں کیوں بیٹھا ہے اور وہ غریب عوام کے مسائل کیوں حل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر سو فیصد عمل ہو جائے گا۔ پاکستانیوں کو بجلی، گیس اور سستا تیل دستیاب ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جیلوں اور جیالوں سے جتنا پیار ملا کہیں نہیں ملا،پنجاب سے بڑی یادیں وابستہ ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فیصل آباد کے محنت کشوں کے بنائے کپڑے ہم سب پہنتے ہیں، فیصل آباد میں پہلے بجلی آئے گی پھر کسی دوسرے شہر جائے گی۔

(جاری ہے)

آپریشن راہ نجات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ غریبوں کے لئے لڑی جا رہی ہے، جنوبی وزیرستان سے بھی شرپسندوں کو ختم کر دیں گے اور وزیرستان میں جلد امن ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے اصولوں کی خاطر جان کا نذرانہ دیا۔ صدر آصف علی زرداری کے جلسہ گاہ پہنچے پر فیصل آباد کے لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیااور انہیں پنجاب کی پگڑی پہنائی گئی۔ صدر زرداری کے ہمراہ گورنر سلمان تاثیر بھی موجود تھے۔