انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ ، آسٹریلیا نے پاکستان کو25رنز سے ہرا کر تیسری مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا

ہفتہ 30 جنوری 2010 15:13

انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ ، آسٹریلیا نے پاکستان کو25رنز سے ہرا کر تیسری مرتبہ ..
لنکن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری۔2010ء) انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو25رنز سے ہرا کر تیسری مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے208 رنزکا ہدف ملا ۔ جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم ایک182 رنز پر آوٴٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی ٹیم نے باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی مرحلے پر پاکستان کے بلے بازوں کو کھل کر رنز بنانے کی اجازت نہ دی۔

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا گیا لیکن بعد میں اس کے کھلاڑی وقفے وقفے سے آوٴٹ ہوتے رہے۔ پاکستان کی طرف سے کپتان عظیم گھمن41 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے لیکن انھوں نے بھی41 رنز بنانے میں90 گیندیں صرف کیں۔پاکستان کے بلے باز حماد اعظم جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک آوٴٹ نہیں ہوئے تھے اس میچ میں کوئی رن بنائے بغیر آوٴٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے میچ میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور ابتداء ہی سے آسٹریلیا کو دباوٴ میں رکھا۔ تاہم آسٹریلیا نے ابتداء میں 4 وکٹ جلد گنوانے کے باوجود 50 اوورز میں207رنز بنائے اور اس کے نو کھلاڑی آوٴٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی طرف سے رچرڈسن نے تین چوکوں اوردو چھکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر44رنز بنائے۔ رچرڈ سن کے ساتھ آرمسٹرانگ نے دیا اور انھوں نے 37رنز بنائے۔

پاکستان کے جن باؤلروں نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کیا ان میں رضا حسن اور سرمد بھٹی قابل ذکر تھے۔ سرمد بھٹی نے آٹھ اوور میں33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جس میں لگاتار دو گیندوں پر رچرڈسن اور آرمسٹرانگ کی وکٹیں بھی شامل تھیں۔سپنر رضا حسن نے آسٹریلیا کے بلے بازوں کو کھل نہیں کھیلنے دیا۔ اپنی نپی تلی بالنگ کی بدولت انھوں نے دس اوور میں صرف21 رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے 19برس سے کم عمر کے کھلاڑیوں کا کرکٹ ورلڈ کپ تین مرتبہ جیتا ہے۔