پاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے ،طیارے گرانے کے تجربات کر چکے ہیں، سردار عبد القیوم جتوئی

ہفتہ 30 جنوری 2010 19:46

پاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے ،طیارے گرانے ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری۔2010ء) دفاعی امور کے وزیر مملکت سردار عبدالقیوم جتوئی نے کہا کہ پاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے اور ہم طیارے گرانے کے تجربات بھی کر چکے ہیں۔ امریکا نے سفارتی طریقے سے ڈرون حملے بند نہ کئے تو ہم انہیں گرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے اور کوئی ملک پاکستان کیخلاف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ دو درجن سے زائد جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی شمولیت سے دفاع مضبوط ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم آزاد عدلیہ چاہتے ہیں۔ تاہم یہ ایک حقیقت ہے ماضی کی عدلیہ سے کوئی مطمین نہیں تھا انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو اندازہ تھا کہ میاں نواز شریف سال ڈیڑھ سال بعد حکومت کی مخالفت شروع کر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف نے پیپلزپارٹی سے زیادہ عدلیہ کے حمایتی نہیں ہیں۔ پیپلزپارٹی کی شہید بینظیر بھٹو اور قیادت نے عدلیہ کی آزادی کیلئے تحریک میں حصہ لیا۔ جبکہ میاں نواز شریف نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کرایااور ججوں پر پتھر برسائے لیکن آج وہ کس طرح عدلیہ کی آزادی اور احترام کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے سرائیکی صوبے کے قیام کے حوالے سے کہا کہ سرائیکی صوبہ یقینی بنے گا۔ اعلیٰ قیادت کو اس بات کا احساس ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ سرائیکی صوبے کے قیام سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :