فیصل آباد جیل ہنگامہ آرائی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا

اتوار 31 جنوری 2010 13:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31جنوری۔2010ء) فیصل آباد سینٹرل جیل میں مشتعل قیدیوں کی ہنگامہ آرائی پر لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس خواجہ شریف نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو عدالت طلب کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی جانب سے فیصل آباد جیل ہنگامے کا از خود نوٹس لینے کے بعد قیدیوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا ۔

قیدیوں کے اصرارپراضافی نفری کو جیل کے احاطے سے باہر بھیج دیاگیا۔

(جاری ہے)

قیدیوں کا مطالبہ تھا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ یا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ شریف کی طرف سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد ان سے مذاکرات کریں۔تاہم صوبائی وزیر جیل خانہ جار دوبارہ قیدیوں سے مذاکرات کیلئے سینٹرل جیل پہنچے اورقیدیوں سے مذاکرات شروع کئے گئے ۔

اسی اثنا میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ شریف کی طرف سے واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کی اطلاع پر قیدیوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا اور چھتوں سے نیچے اتر آئے ،جس کے بعد جیل انتظامیہ سے قیدیوں کے مذاکرات ہوئے اور انہوں نے بیرکوں میں واپس جانے پر آمادگی ظاہر کردی۔قیدیوں کے اصرارپر مسلح اہلکاروں کی بھاری نفری کو جیل احاطے سے باہر بھیج دیا گیا اور جیل کا انتظام جیل اہلکاروں کے سپرد کردیاگیا۔