اولاد نرینہ نہ ہونے پر شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی

جمعہ 12 فروری 2010 16:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔12فروری۔2010ء) فیصل آباد کے علاقے پٹالہ کالونی کے رہائشی محمد جمیل نے اولاد نرینہ نہ ہونے پر اپنی بیوی شمیم اختر کو طلاق دے کر گھر سے نکال دیا ۔ متاثرہ خاتون انصاف کی فراہمی کے لیے نجی ٹی وی کے دفتر پہنچ گئی ۔ دس سال پر رہنے والی یہ شادی اس وقت ٹوٹ گئی جب محمد جمیل کے ہاں تیسری بیٹی نے جنم لیا۔

(جاری ہے)

بیٹے کی خواہش رکھنے والے محمد جمیل نے اپنی خواہش کی تکمیل نہ ہونے پر بیوی کو طعنے دیئے اور تشدد کا نشانہ بنایا اور طلاق دے کر بیٹیوں سمیت گھر سے نکال دیا ۔

در در کی ٹھوکر کھانے والی شمیم اختر انصاف کے لیے اے آر وائی کے دفتر پہنچ گئی ۔ طلاق کے بعد جہیز کے سامان کی واپسی کے تقاضے پرمتاثرہ خاتون کے شوہر نے بیوی کے بھائی اور باپ پر چوری کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر ا دیا ۔ متاثرہ خاتون نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے انصاف فراہم کریں۔