دادو: ہوٹل میں دھماکا، تین جاں بحق

اتوار 14 فروری 2010 23:23

دادو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری۔2010ء)دادو میں سینما چوک پر ہوٹل میں دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے۔ لشکر بلوچستان نے ذمہ داری قبول کرلی پولیس کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔ اتوار کی صبح سینما چوک دادو میں ایک ہوٹل میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور چودہ زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ہوٹل کے باہر کھڑے رکشوں کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کا سر غائب ہے، دھماکہ خودکش تھا۔ دھماکے کے بعد زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ چار زخمیوں کی حالت نازک ہے۔دھماکے کے بعد دادو شہر مکمل طور پر بند ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ شخص اور مختلف مدارس میں چھاپے مار کر بعض غیر مقامی افراد اور طلبہ کو حراست میں لیا ہے۔ ڈی پی او دادو غازی صلاح الدین کے مطابق واقعہ میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے دادو دھماکے پر آئی جی سندھ صلاح الدین بابر خٹک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔