جسٹس ریاض اختر چوہدری کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشنل کونسل میں جمع کرادیا گیا ہے  وزیر قانون آزاد کشمیر ۔اپ ڈیٹ

ہفتہ 3 اپریل 2010 17:54

جسٹس ریاض اختر چوہدری کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشنل کونسل میں جمع کرادیا ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔3اپریل ۔2010ء) وزیر قانون آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر عبدالرشید عباسی نے کہا ہے کہ جسٹس ریاض اختر چوہدری کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشنل کونسل میں جمع کرادیا گیا ہے ۔ اور یہ ریفرنس وزیراعظم آزادکشمیرکی ایڈوائس پر صدر آزادکشمیر کی طرف سے دائر کیا گیاہے ۔ گذشتہ روز اپنے دفتر وزارت قانون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ جسٹس ریاض اختر چوہدری کے خلاف چونکہ سپریم جوڈیشنل کونسل میں ریفرنس دائر ہوچکا ہے اسلیئے وہ غیر فعال ہیں اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منظور الحسن گیلانی بطور چیف جسٹس فرائض سرانجام دیں گے ۔

ریفرنس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے عبدالرشید عباسی نے کہا کہ جسٹس ریاض اختر چوہدری نے بطور چیف جسٹس 15مارچ کو جو بنچ تشکیل دے کر آزادجموں وکشمیر کونسل اور چیئرمین کونسل و صدر آزادکشمیر کو سپریم کورٹ پاکستان کی طرف سے کسی متوقع فیصلے پر عملدرآمد روکنے کے احکامات جاری کیئے وہ آئین و قانون کے مغائرہیں ۔

(جاری ہے)

لہذا وہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب ہوئے ۔

مزیدبرآں چونکہ وہ خود پاکستان سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کے فریق تھے لہذا وہ بنچ کے سربراہ بھی نہیں ہوسکتے تھے ۔ اور ایسا کرنا سپریم کورٹ کے کوڈ آف کنڈکٹ و آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ جسٹس ریاض اختر چوہدری نے بطور چیف جسٹس ایگزیکٹو کے فیصلوں کے خلاف سماعت کیلئے جو مانیٹرنگ سیل قائم کیا آئین اس کی اجازت نہیں دیتا ۔ لہذا انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مانیٹرنگ سیل کا قیام عمل میں لایا۔

اسکے علاوہ جسٹس ریاض اختر کی تقرری کے خلاف جو اپیل ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی وہ غیر قانونی طور پر منگواکر سپریم کورٹ میں رکھی اور 2سال گزرنے کے باوجود کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اور رولنگ دی کہ ججز کے خلاف کوئی ریفرنس سماعت نہیں ہوسکتا اسی سلسلے میں 2ججز کی تقرری کا فیصلہ 2سال سے ہائیکورٹ میں فیصلے کا منْظر ہے ۔ تمام اداروں کا احتساب کرنے کیلئے احتساب بیورو موجود ہے جبکہ عدلیہ کا احتساب عدلیہ ہی کرتی ہے ۔

جو دو سال سے نہیں ہوسکا ۔ وزیر قانون عبدالرشید عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایڈھاک جج سرداراعظم خان کو بھی فارغ کردیا گیا ہے جن کی جگہ چوہدری ابراہیم ضیاء کو ایڈھاک جج مقرر کیا گیا ہے ۔ قائمقام صدر آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے جسٹس منظورالحسن گیلانی و جسٹس چوہدری ابراہیم ضیاء سے حلف لے لیا ہے جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :