لاہورہائیکورٹ ملتان بینچ نے جمشید دستی ضمنی انتخاب کیلئے اہل قرار دیدیا

جمعہ 14 مئی 2010 15:10

لاہورہائیکورٹ ملتان بینچ نے جمشید دستی ضمنی انتخاب کیلئے اہل قرار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی۔2010ء) لاہورہائی کورٹ ملتان بنچ نے جمشید دستی کے خلاف نااہلیت کی دونوں درخواستیں خارج کردی ہیں ۔ جس کے بعد جمشید دستی کل ہونے والے قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں حصہ لے سکیں گے ۔جمشید دستی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو اٹھہتر مظفر گڑھ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار تھے جنہیں جعلی ڈگری کے معاملے پر سپریم کورٹ نے نااہل قراردیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جسٹس طارق اقبال نے جمشید دستی کے خلاف دائردرخواستیں ناقابل سماعت ہونے کی وجہ سے خارج کردیں ۔جمشید دستی کے خلاف درخواست گذاروں کا مؤقف تھا کہ ان کی ڈگری جعلی ہے ۔ جس پر جسٹس طارق جاوید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کیس ناقابل سماعت ہے اگرحلقے سے کسی امیدوار نے جمشید دستی کے خلاف درخواست کی ہوتی تو کیس سماعت کے قابل ہوسکتاتھا ۔یہ درخواستیں ووٹرز نے دائر کی ہیں ۔ بعد ازاں فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملتان کے وکلاء نے کہا کہ جمشید دستی کے حق میں فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے۔